پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم سمیت قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں ارشد ندیم کی جیت پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ارشد ندیم نے انفرادی طور پر گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن کر تاریخ میں اپنا نام روشن کیا، اولمپکس میں پاکستان کیلئے شاندار کامیابی ارشد ندیم کی غیر متزلزل لگن کا نتیجہ ہے۔
اپنے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اولمپکس میں کامیابی ارشد ندیم کی انتھک محنت، ثابت قدمی اور مثالی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپکس میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔
اس سے قبل منگل کو ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 کے ’مینز جیولین تھرو‘ مقابلے میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، ارشد ندیم کے ساتھ روایتی حریف انڈیا کے نیرج چوپڑا نے بھی ’مینز جیولین تھرو‘ کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کی جانب سے کسی ایتھلیٹ نے انفرادی حیثیت میں اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہو۔
پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جبکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے ہی دلوایا تھا۔