ایشیا کپ 2025: پاک بھارت ٹاکرا سات ستمبر کو دبئی میں شیڈول: بھارتی میڈیا

ایشیا کپ 2025: پاک بھارت ٹاکرا 7 ستمبر کو دبئی میں شیڈول: بھارتی میڈیا
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے زیرِ اہتمام رواں سال ہونے والے ایشیا کپ 2025 کے ابتدائی شیڈول کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 4 یا 5 ستمبر سے متوقع ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایشیا کپ کے انعقاد سے متعلق حتمی فیصلہ اسی ہفتے کیا جائے گا، جب کہ ٹورنامنٹ کا میلہ اس بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھارت کی میزبانی میں سجے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بننے والا پاک-بھارت مقابلہ 7 ستمبر کو دبئی میں ہونے کا امکان ہے، دونوں روایتی حریف ٹیمیں ایونٹ میں کم از کم دو بار آمنے سامنے آئیں گی، اگر دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہیں تو ممکنہ طور پر تیسری بار بھی ٹاکرا ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کی باضابطہ میزبانی بھارت کو سونپی گئی ہے، تاہم پاکستان کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر عمل کیا جائے گا۔ اس ماڈل کے تحت چند میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، جب کہ بھارت میں باقی ایونٹ کا انعقاد ہوگا۔
ابتدائی طور پر سری لنکا اور یو اے ای کو مشترکہ میزبانی کے ممکنہ امیدواروں کے طور پر دیکھا جا رہا تھا، مگر موجودہ علاقائی و سفارتی صورتحال کے پیش نظر دبئی کو ترجیح دی گئی ہے۔
ایشیا کپ میں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم حصہ لے گی، جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، یہ ایونٹ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے تناظر میں بھی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔۔



