
ٹیپ بال پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا شاندار آغاز، دبئی اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کی بھی شرکت
کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) ٹیپ بال پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا باقاعدہ آغاز نیا ناظم آباد میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس میجر رحمن نے بال کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ منشیات جیسی لعنت کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد چیف آرگنائزر خرم مجید نے ایونٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر سے نامور کھلاڑیوں کو فرنچائزز کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ پہلی بار دبئی اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں بھی ایونٹ میں شریک ہو رہی ہیں۔
تقریب میں ٹیپ بال پریمیئر لیگ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔ چھ روزہ ٹورنامنٹ نیا ناظم آباد کے سرسبز میدان پر برقی روشنیوں میں کھیلا جائے گا، جس میں 10 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
ملک کے نامور ٹیپ بال کھلاڑی جیسے تیمور مرزا، اسد شاہ، خرم چکوال، چھوٹا وکی، اور ظہیر کالیا اپنی اپنی ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔
خرم مجید نے بتایا کہ چیمپئن ٹیم کو 50 لاکھ روپے اور رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ کو پہلے سے بھی زیادہ شاندار انداز میں منعقد کیا جائے گا۔
نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ نے میزبانی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ کھلاڑیوں اور شائقین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ یہ ٹورنامنٹ ان کے لیے یادگار بن جائے۔



