کرکٹ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی، بھارتی بلے باز ابھیشک شرما نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے بیٹرز کی فہرست میں پہلی بار نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے، جب کہ آسٹریلیا کے جارح مزاج بیٹر ٹریوس ہیڈ ایک درجہ پیچھے ہٹ کر دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 14ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ محمد رضوان چھ درجہ نیچے سرک کر 21ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

رینکنگ کے مطابق صاحبزادہ فرحان نے بیٹرز کی رینکنگ میں 69 درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ 100 میں جگہ بنالی اور اب وہ 97 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز 14 درجے بہتری کے بعد اب 54ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بولرز کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور سرفہرست ہیں، جب کہ آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں بھارت کے ہاردک پانڈیا نے اپنی اول پوزیشن مضبوطی سے برقرار رکھی ہے۔

دوسری جانب ٹیسٹ فارمیٹ کی نئی عالمی درجہ بندی میں انگلینڈ کے جو روٹ ٹیسٹ بیٹرز میں سب سے آگے ہیں، جب کہ بالرز کی فہرست میں بھارت کے جسپریت بمراہ بدستور ٹاپ پوزیشن پر فائز ہیں۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو ٹیسٹ بیٹرز میں سعود شکیل واحد پاکستانی بلے باز ہیں جو ٹاپ 20 میں جگہ بنائے ہوئے ہیں، ان کی موجودہ پوزیشن 12ویں ہے۔

بالرز کی درجہ بندی میں نعمان علی شاندار کارکردگی کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں، جب کہ ساجد خان 20ویں پوزیشن پر موجود ہیں ،ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی روایتی مضبوطی کے ساتھ بھارت کے رویندرا جڈیجہ کا راج برقرار ہے۔

رینکنگ میں یہ اُتار چڑھاؤ اس بات کا مظہر ہے کہ عالمی کرکٹ میں مقابلہ دن بہ دن سخت ہوتا جا رہا ہے اور مستقل کارکردگی ہی کسی کھلاڑی کو چوٹی پر برقرار رکھ سکتی ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!