پاکستانی کھلاڑی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت نہیں کریں گے ، پی سی بی

پاکستانی کھلاڑی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت نہیں کریں گے ، پی سی بی
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں دہرے معیار، متعصبانہ فیصلوں اور سیاست زدہ طرز عمل پر شدید ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کی آئندہ اس ایونٹ میں شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ہوا، جس میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے حالیہ متنازعہ فیصلوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی کھلاڑی آئندہ اس چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کریں گے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ڈبلیو سی ایل نے جان بوجھ کر ایک ایسی ٹیم کو پوائنٹس دیے جو میچز کھیلنے سے گریزاں رہی، اس یکطرفہ فیصلے کو کھیل کی روح اور اصولوں کے منافی قرار دیا گیا، پاکستان لیجنڈز کے میچز کی منسوخی پر جاری کی گئی پریس ریلیز نے منتظمین کے متعصبانہ اور دوغلے رویے کو مزید عیاں کر دیا ہے۔
اجلاس کےبعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ کھیل کو سیاسی مفادات اور محدود تجارتی ترجیحات کے تابع کرکے ٹورنامنٹ کے اصل مقصد کو بری طرح متاثر کیا گیا،
پی سی بی نے واضح کیا کہ وہ کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے اصول پر کاربند ہے اور ایسے کسی دباؤ یا جانبداری کو قبول نہیں کرے گا جس سے کھیل کی ساکھ متاثر ہو۔
پی سی بی نے ڈبلیو سی ایل کی جانب سے بعدازاں پیش کی گئی معذرت کو دراصل اس امر کا بلاواسطہ اعتراف قرار دیا کہ میچز کی منسوخی کسی کھیل کے اصول کے تحت نہیں بلکہ مخصوص قوم پرستی کے بیانیے کے دباؤ کے تحت کی گئی۔
بورڈ آف گورنرز نے واضح کیا کہ بین الاقوامی کھیلوں کے میدان میں ایسا دوہرا اور متعصبانہ رویہ ناقابل برداشت ہے۔ ایسی سرگرمیوں میں شمولیت نہ صرف پاکستان کے اصولی مؤقف کے خلاف ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر کھیل کے وقار کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے کسی ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی جس میں سیاست کو کھیل پر مسلط کر کے کھلاڑیوں کو استعمال کیا جائے، پی سی بی نے اس فیصلے کو پاکستانی کرکٹ کے وقار کے تحفظ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔



