پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی 20 میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی


پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی 20 میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی
پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا فیصلہ کن میچ 13 رنز سے جیت لیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاوڈر ہل میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے، جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 176 رنز پر ہی آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے شاہین آفریدی کی جگہ حارث رؤف اور فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ کو موقع دیا گیا۔
صائم ایوب (74 رنز) اور صاحبزادہ فرحان (66 رنز) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 20 اوورز میں 189 رنز کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔
ویسٹ انڈیز نے جوابی اننگز کا آغاز تو اچھا کیا، لیکن پاکستانی اسپنرز کی شاندار بولنگ نے انہیں 176 رنز تک محدود کر دیا۔ پاکستان کے بولنگ یونٹ نے کلیدی لمحات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر میچ کے آخری اوورز میں جب ویسٹ انڈیز کو رن ریٹ بڑھانے کی شدید ضرورت تھی۔
یہ فتح پاکستان کےلیے خاصی اہم ثابت ہوئی، کیونکہ سیریز 1-1 سے برابر تھی۔ صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار بیٹنگ کے علاوہ پاکستانی اسپنرز کی کارکردگی قابل تعریف رہی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم ایشیا کپ کےلیے پراعتماد ہوگئی ہے۔
اب دونوں ٹیمیں ٹرینیڈاڈ میں تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کےلیے تیار ہوں گی، جس کا آغاز جمعہ کو ہوگا۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم کی مجموعی کارکردگی، خاص طور پر نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس، آنے والے ٹورنامنٹس کے لیے اچھی علامت ہے۔



