اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے ایف نائن پارک کو مجوزہ مقام کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق ترقیاتی ادارے نے منصوبے کی تیاری اور ڈیزائننگ کے مرحلے میں ماہرین کی مشاورت کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سابق ٹیسٹ کرکٹر اور تجزیہ کار راشد لطیف کو باضابطہ طور پر آن بورڈ لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راشد لطیف اسٹیڈیم کے ڈیزائن، تکنیکی پہلوؤں اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی سے متعلق سی ڈی اے کو اپنی ماہرانہ رائے فراہم کریں گے،
اس سے قبل وہ اسلام آباد کلب کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کر چکے ہیں، جس کے باعث ان کا تجربہ اس منصوبے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
منصوبے سے جڑی قانونی پیچیدگیوں کے پیش نظر سپریم کورٹ کے فیصلے کو مدنظر رکھا گیا ہے، جس میں گرین ایریاز پر تعمیرات کی پابندی عائد کی گئی تھی،
اسی وجہ سے سی ڈی اے کی جانب سے تجویز دی جا رہی ہے کہ اسٹیڈیم کے بیشتر حصے کو گرین ایریا ہی رکھا جائے تاکہ ماحول دوست ڈیزائن کے ذریعے قانونی اور ماحولیاتی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
ترقیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کی تعمیر سے نہ صرف اسلام آباد میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ بین الاقوامی کرکٹ کے انعقاد کے لیے بھی دارالحکومت کو ایک جدید اور معیاری اسٹیڈیم میسر آ جائے گا۔



