دیگر سپورٹس

باجوڑ میں جشنِ آزادی سپورٹس فیسٹیول ؛ باسکٹ بال، جمناسٹک اور بیڈمنٹن مقابلےاختتام پذیرہوگئے

ان مقابلوں میں کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں جوش و جذبہ دیدنی تھا

باجوڑ میں جشنِ آزادی سپورٹس فیسٹیول میں منعقڈہ تائیکوانڈو،باسکٹ بال،

جمناسٹک اور بیڈمنٹن مقابلےاختتام پذیرہوگئے،

ان مقابلوں میں کھلاڑیوں اور تماشائیوں میں جوش و جذبہ دیدنی تھا

باجوڑ (سپورٹس لنک رپورٹ) وزیراعلی سردارعلی امین گنڈاپور کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ضلع باجوڑ شاہد علی خان کی سرپرستی میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر باجوڑ کی زیراہتمام گورنمنٹ ڈگری کالج باجوڑ میں معرکہ حق جشنِ آزادی سپورٹس فیسٹیول کا رنگا رنگ اور پرجوش انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر باسکٹ بال، تائیکوانڈو، بیڈمنٹن اور جمناسٹک کے سنسنی خیز مقابلے ہوئے جنہیں دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کھلاڑیوں نے اپنی مہارت اور فٹنس کے شاندار مظاہرے سے حاضرین کے دل جیت لیے۔ تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں نے تیز رفتار ککس اور تکنیک سے محفل کو گرمایا، باسکٹ بال کے مقابلوں نے نوجوانوں کی توانائی کو اجاگر کیا جبکہ جمناسٹک کے کھلاڑیوں کی پھرتی اور بیڈمنٹن کے سنسنی خیز میچز نے ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔

مقابلوں کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں، میڈلز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب تقسیمِ انعامات میں پروفیسر ڈاکٹر انور شاہ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج باجوڑ مہمان خصوصی تھے

جبکہ ان کے ساتھ ساجد خان ڈائریکٹر اسپورٹس پوسٹ گریجویٹ کالج، بخت سردار اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر، بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت علی، جمناسٹک ایسوسی ایشن کے صدر رضوان اللہ اور تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے صدر ریحان بھی شریک ہوئے۔

مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر انور شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جشنِ آزادی کی مناسبت سے منعقدہ یہ اسپورٹس فیسٹیول نہ صرف باجوڑ کا بلکہ صوبے کا بہترین اور پرامن ایونٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے انتہائی ضروری ہیں اور ایسے مقابلے انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر باجوڑ اور ان کی ٹیم کو کامیاب انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

تماشائیوں نے بھی ان مقابلوں کو خوب سراہا اور کہا کہ باجوڑ جیسے خطے میں اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد نہ صرف صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے بلکہ اس سے امن، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو بھی فروغ ملتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیل نوجوانوں کے اندر نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے جذبے کو پروان چڑھاتے ہیں اور ایسے ایونٹس آزادی کے دن کو یادگار بنانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

اختتامی تقریب قومی ترانوں اور کھلاڑیوں کی خوشیوں سے گونجتی رہی جبکہ نوجوان کھلاڑیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی محنت اور کارکردگی سے مستقبل میں ضلع باجوڑ اور خیبرپختونخوا کا نام مزید روشن کریں گے

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!