آئی سی سی نے ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی

آئی سی سی نے ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بیٹنگ، باؤلنگ اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں نمایاں ردوبدل دیکھنے میں آیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے اوپنر شبمن گل بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، جب کہ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم دوسری اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
بیٹرز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ کو دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر جانا پڑا، جبکہ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پانچ درجے خسارے کے بعد ستائیسویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
باؤلرز کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے اسپنر کیشو مہاراج دو درجے بہتری کے بعد پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں سری لنکا کے مہیش تھیکشانا دوسری پوزیشن پر آگئے جبکہ بھارت کے کلدیپ یادیو دوسری سے تیسری پوزیشن پر چلے گئے۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں نمیبیا کے برنارڈ شالٹز چوتھے نمبر پر ہیں، افغانستان کے راشد خان پانچویں، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر چھٹے جبکہ آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
تازہ رینکنگ کے مطابق ٹاپ ٹین بولرز میں کسی بھی پاکستانی کا نام شامل نہیں۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی دو درجے تنزلی کے بعد سولہویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز شاندار کارکردگی کی بدولت سترہ درجے ترقی کرتے ہوئے انیسویں نمبر پر پہنچ گئے۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی عظمت اللہ عمرزئی نے پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار رکھا ہے۔ اس فہرست میں بھی کسی پاکستانی کھلاڑی کی ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بن سکی۔



