ایشیا کپ: صائم ایوب مسلسل تیسری بار ‘0’ پر آ ئوٹ

ایشیا کپ: صائم ایوب مسلسل تیسری بار ‘0’ پر آ ئوٹ
دبئی میں جاری ایشیا کپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب بدترین بیٹنگ فارم کا شکار ہوگئے ہیں۔
وہ ایونٹ میں مسلسل تیسری بار صفر پر آؤٹ ہو کر ناپسندیدہ ہیٹ ٹرک مکمل کر بیٹھے۔ متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں بھی وہ کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور ایک بار پھر بغیر رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل صائم ایوب ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں عمان کے خلاف اور دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف بھی صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ یوں ایشیا کپ میں اب تک وہ کوئی رن اسکور نہیں کرسکے۔
نوجوان اوپنر کی اس ناکامی نے نہ صرف ٹیم کو دباؤ میں ڈالا بلکہ مداحوں کو بھی شدید مایوس کیا۔ سوشل میڈیا پر انہیں مسلسل تنقید کا سامنا ہے اور کرکٹ شائقین ان کی کارکردگی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ صائم ایوب کو پاکستان کرکٹ کا ابھرتا ہوا ٹیلنٹ سمجھا جاتا ہے، تاہم بڑے ایونٹ میں مسلسل ناکامی ان کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ کوچنگ اسٹاف اور ٹیم منیجمنٹ اب اس بات پر غور کر رہی ہے کہ اگلے میچز میں ان کے ساتھ کیا.
یاد رھے کہ اب تک صائم ایوب ٹی20 انٹرنیشنل میں 8 بار صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں، جس کے بعد وہ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ اس فہرست میں عمر اکمل سب سے آگے ہیں جو 10 بار صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ شاہد آفریدی بھی 8 بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔
صائم ایوب کا یو اے ای میں ریکارڈ بھی مایوس کن ہے۔ یہاں کھیلے گئے 11 میچوں میں وہ پانچ مرتبہ بغیر رن بنائے آؤٹ ہو چکے ہیں، اور ان کی اوسط صرف 16.09 ہے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی 122.06 تک گر چکا ہے۔
سال 2025 میں یہ صائم ایوب کا پانچواں صفر ہے، جو کہ کسی بھی بلے باز کے لیے اس کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ہے۔



