ویمنز ورلڈ کپ: پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم فاطمہ ثنا کی قیادت میں کولمبو پہنچ گئی


آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان ٹیم کولمبو پہنچ گئی۔
پاکستان ویمنز ٹیم کپتان فاطمہ ثناء کی قیادت میں کولمبو پہنچی ہے اور کل سے ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گی۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم مقامی وقت کے مطابق ٹریننگ سیشن 2 بجے دوپہر شروع کرے گی۔
پاکستان ٹیم 25 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی جبکہ دوسرا وارم میچ 28 ستمبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوگا۔
میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی گی پھر دوسرا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 5 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں قومی ٹیم 8 اکتوبر کو تیسرا میچ آسٹریلیا اور 15 اکتوبر کوچوتھا میچ انگلینڈ سے ہو گا، پانچویں میچ میں پاکستان ویمنز اور نیوزی لینڈ وویمنز 18 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان ویمنز چھٹا میچ 21 اکتوبر کو جنوبی افریقہ اور آخری گروپ میچ 24 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔
سری لنکا روانگی سے قبل کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کا اضافی دباؤ نہیں ہو گا یہ میچ بھی باقی میچز کی طرح ہے، بھارت سے پہلے بنگلا دیش کے خلاف میچ ہے مومنٹم اچھا رہے گا۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں عمدہ پرفارمنس دینے والی بیٹر سدرا امین نے کہا کہ ہر پلیئر ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلتی ہے، ٹیم میں پاور ہٹرز کی کمی نہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 30 ستمبر سے بھارت میں ہورہا ہے جبکہ پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔



