دیگر سپورٹس

خیبرپختونخوا میں آرچری کے فروغ کیلئے عملی اقدامات شروع

روایتی کھیل کو نیا عروج دیں گے، ڈویژن سطح پر مقابلے منعقد ہونگے ، سرفرازخان

خیبرپختونخوا میں آرچری کے فروغ کیلئے عملی اقدامات شروع

روایتی کھیل کو نیا عروج دیں گے، ڈویژن سطح پر مقابلے منعقد ہونگے ، سرفرازخان

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) خیبرپختونخوا آرچری ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سرفراز خان نے کہا ہے کہ صوبے میں روایتی کھیل آرچری (تیر اندازی) کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے۔

اس مقصد کے لیے نہ صرف پشاور بلکہ صوبے کے مختلف ڈویژن میں بھی باقاعدہ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو اس کھیل کی طرف راغب کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ آرچری محض ایک کھیل نہیں بلکہ ہماری تاریخ اور ثقافت کا حصہ ہے، جسے جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھانا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن کا ہدف ہے کہ ہر ڈویژن میں آرچری کے ٹورنامنٹ منعقد ہوں اور وہاں سے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کا موقع فراہم کیا جائے۔

سرفراز خان کے مطابق آرچری ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کے لیے جدید تربیتی کیمپ لگانے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے، تاکہ نوجوان اس کھیل میں مہارت حاصل کرکے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس کھیل کے لیے بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن اسے آگے لانے کے لیے منظم حکمت عملی اور باقاعدہ مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

سیکرٹری جنرل نے یہ بھی کہا کہ آرچری کو اسکولز اور کالجز کی سطح پر متعارف کرانے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ نئی نسل کو کم عمری سے ہی اس کھیل کی جانب مائل کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ میں پشاور سمیت مردان، سوات، ڈی آئی خان اور دیگر ڈویژن میں آرچری کے مقابلوں کا شیڈول جاری کیا جائے گا، جو اس کھیل کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!