منصور احمد خان پاکستان لیکروس فیڈریشن کے صدر منتخب

منصور احمد خان پاکستان لیکروس فیڈریشن کے صدر منتخب
پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) منصور احمد خان پاکستان لیکروس فیڈریشن کے صدرمنتخب ہوگئے ،
پاکستان لیکروس فیڈریشن کی آن لائن جنرل کونسل اجلاس گزشتہ روزہ منعقد ہوئی جس میں تمام اراکین اور بین الاقوامی نمائندگی کی موجودگی میں منصور احمد خان کو متفقہ طور پر پاکستان لیکروس فیڈریشن کا صدر منتخب کیا گیا۔
منصور احمد خان پاکستان کے کھیلوں کے شعبے میں ایک نہایت قابل اور تجربہ کار منتظم ہیں۔ وہ اس سے پہلے ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں،
جہاں انہوں نے ملک میں کھیلوں کے ڈھانچے کی ترقی، کھلاڑیوں کی تربیت اور مختلف کھیلوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔
منصور احمد خان نے اپنے خطاب میں پاکستان میں لیکروس کے فروغ اور ترقی کے لیے مکمل عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں،
خواتین اور نچلی سطح کے کھلاڑیوں کے لئے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے تاکہ وہ اس تیزی سے ترقی کرنے والے کھیل میں آگے بڑھ سکیں، جو کہ ایشیا میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے تحت تسلیم شدہ کھیل ہے۔
لیکروس دنیا کے سب سے تیز رفتار بڑھنے والے فیلڈ اسپورٹس میں سے ایک ہے، جو پاکستان میں پاکستان لیکروس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے متعارف کرایا گیا۔ قلیل عرصے میں PLF نے ہزاروں لڑکوں اور لڑکیوں کو تربیت دی،
ورکشاپس منعقد کیں اور صوبائی و قومی مقابلے شروع کئے۔ منصور احمد خان کی قیادت میں، فیڈریشن کا وڑن ہے کہ پاکستان لیکروس کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے، جس میں ایشین لیکروس گیمز، ورلڈ چیمپئن شپ اور مستقبل کے اولمپکس میں شمولیت شامل ہے۔
جنرل کونسل کے اراکین اور بین الاقوامی نمائندگان نے منصور احمد خان کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار۔



