ہانگ کانگ سکسز 2025: بھارت نے پاکستان کو 2 رنز سے شکست دی

ہانگ کانگ سکسز 2025: بھارت نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 2 رنز سے شکست دی
ہانگ کانگ سکسز 2025 کے دلچسپ مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو ڈک ورتھ اینڈ لوئس (DLS) سسٹم کے تحت 2 رنز سے شکست دے دی۔ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا،
اس وقت پاکستان نے 3 اوورز میں 41 رنز پر ایک کھلاڑی کھویا تھا اور فتح کے لیے مزید 18 گیندوں پر 46 رنز درکار تھے۔
جب میچ روکا گیا تو ڈک ورتھ اینڈ لوئس فارمولا کے تحت بھارت کو معمولی برتری حاصل تھی، جس کی بنیاد پر مین اِن بلو کو فاتح قرار دیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے خواجہ نفی نے 9 گیندوں پر 18 ناٹ آؤٹ رنز بنائے، جن میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ معاذ صداقت نے 3 گیندوں پر 7 رنز بنائے،
تاہم انہیں اسٹورٹ بنی نے آؤٹ کیا۔ عبدالصمد 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جن میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اس سے قبل بھارت نے مقررہ 6 اوورز میں 86 رنز بنا کر 4 وکٹیں گنوائیں۔
بھارتی بیٹنگ میں رابن اُتھپا (28)، بھارت چپلی (24) اور دنیش کارتک (17 ناٹ آؤٹ) نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
پاکستان کی جانب سے محمد شہزاد نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبدالصمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ میچ مختصر فارمیٹ کے لحاظ سے انتہائی تیز رفتار اور سنسنی خیز ثابت ہوا، تاہم بارش نے فیصلہ کن مرحلے پر مداخلت کر کے شائقین کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا۔



