کرکٹ

بلائنڈ ویمنز کرکٹ ورلڈکپ: پاکستانی بیٹر مہرین علی کا عالمی ریکارڈ قائم

پاکستانی بیٹرمہرین علی نے بلائنڈ ویمنز کرکٹ میں عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

کولمبو: بصارت سے محروم پاکستانی خاتون بلے باز مہرین علی ویمن ٹی 20 کرکٹ میں تیزترین ڈبل سنچری بنانے کا ریکارڈقائم کردیا۔

وہ محدود اوورزکی ویمن کرکٹ میں بھی 200 سے زیادہ کی اننگزکھیلنے والی مجموعی طورپرتیسری کھلاڑی بن گئیں۔انہوں نے یہ کارنامہ ویمنزبلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں انجام دیاہے۔

میگاایونٹ سری لنکا اوربھارت میں مشترکہ طورپر منعقد ہورہاہے۔

مہرین علی نے پاکستان کے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف 78 گیندوں پر 230 رنز بنا ئے، انہوں نے 39 چوکوں کی مدد سے 70 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔یہ محدود اوورزکی خواتین کرکٹ ڈبل سنچریوں میں دوسرابڑا سکوربھی ہے۔

مہرین علی کا کہناہے کہ ریکارڈ قائم کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتی ہوں، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور والدین کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں، اپنا یہ ریکارڈ پاکستان اور والدین کے نام کرتی ہوں۔

میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 221 رنز سے شکست دی، 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 120 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔سری لنکا کی جانب سے میرانی نے 51 اور متیشا نے 29 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے نور فاطمہ، حوریہ ملک اور سمیرا ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

خواتین کرکٹ میں پہلی بار ڈبل سنچری آسٹریلیا کی کپتان بیلنڈاکلارک نے 1997 میں ایک روزہ ورلڈکپ کے دوران بنائی تھی۔ انہوں نے ممبئی کے مقام پر ڈنمارک سے میچ میں155 گیندوں پر229رنزبنائے اور ناٹ آئوٹ رہی تھیں۔

بیلنڈاکلارک دونوں قسم کی ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈبل سنچری سکورکرنے والی دنیاکی پہلی بلے بازتھیں۔

دوسری ڈبل سنچری 21 برس کے بعد 2018 میں نیوزی لینڈ کی امیلیا کیر نے بنائی۔  انہوں نے یہ کارنامہ آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں134گیندوں پر31چوکوں کی مدد سے 232رنزبناکر انجام دیا۔

ان کی یہ اننگز تیزترین ڈبل سنچری کے طورپر گینیزبک آف ورلڈ ریکارڈزمیں درج کی گئی تھی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!