تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز آج منگل سے راولپنڈی میں شروع ہوگی
پہلا میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہوگا۔

تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز آج منگل سے راولپنڈی میں شروع ہوگی۔
پہلا میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہوگا۔
راولپنڈی ; پاکستان سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز منگل سے راولپنڈی میں شروع ہوگی۔ سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیریز کے تمام میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
موجودہ سیزن میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہے جبکہ ایشیا کپ کا فائنل کھیلا ہے۔
پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہناہے کہ یہ تین ملکی سیریز ہمارے لیے بالکل درست وقت پر ہے۔ یہ گروپ کو دو اچھی ٹیموں کے خلاف مسلسل کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کرے گی
اور ہماری ٹی ٹوئنٹی منصوبہ بندی کو اگلے سال ہونے والے اہم آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل مزید نکھارنے کا موقع فراہم کرے گی۔
ہم نے حالیہ مہینوں میں حوصلہ افزا کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔شارجہ میں سہ فریقی سیریز جیتی۔ ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا اور جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف وائٹ بال سیریز جیتی۔
ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور ہم اس تسلسل کو اس سیریز میں لے جانے کے لیے پر امید ہیں۔ ہم نے راولپنڈی کے شائقین کی جانب سے ہوم سائیڈ کے لیے زبردست سپورٹ دیکھی ہے اور ہم اس سیریز میں بھی اعلی معیار کے مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے 18 جیتے ہیں جبکہ 3 میں زمبابوے نے کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابتک 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے14 جیتے ہیں اور 10 میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سلمان علی آغا ( کپتان ) ۔فخرزمان۔ صائم ایوب۔ بابراعظم۔ صاحبزادہ فرحان۔عثمان خان۔عبدالصمد۔فہیم اشرف۔ محمد نواز۔ابرار احمد ۔ وسیم جونیئر۔شاہین شاہ آفریدی۔ نسیم شاہ۔ سلمان مرزا اور عثمان طارق۔



