کرکٹ

لارڈزٹیسٹ،میچ کے وقفے میں عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو ،پی سی بی کااسکائی اسپورٹس سے احتجاج

لارڈزٹیسٹ،

میچ کے وقفے میں عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر،پی سی بی کااسکائی اسپورٹس سے احتجاج

لارڈز کے تاریخی میدان میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران کرکٹ کی کوریج اچانک سیاسی تنازع میں بدل گئی، جب لنچ بریک کے دوران اسکائی اسپورٹس نے سابق وزیراعظم اور سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کردیا۔

انٹرویو میں دونوں بھائیوں نے اپنے والد کی صحت، جیل میں صورتحال اور ان سے رابطے نہ ہونے پر خدشات کا اظہار کیا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسکائی اسپورٹس کے خلاف باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز لنچ بریک میں اسکائی اسپورٹس نے عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کا 18 منٹ پر مشتمل انٹرویو نشر کیا،

جس میں دونوں نے اپنے والد کی جیل میں حالت، صحت اور ان سے رابطے نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

انٹرویو نشر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسکائی اسپورٹس کے خلاف باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق اسکائی اسپورٹس نے پی سی بی کی شکایت موصول ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم معاملے پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ ای سی بی کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے انٹرویو کی نشریات رکوانے کی کوشش بھی کی تھی۔ لارڈز میں بارش کے باعث لنچ بریک پہلے ہی معمول سے تاخیر کا شکار تھا،

تاہم انٹرویو نشر ہونے کے بعد پاکستانی حکام نے احتجاجاً ٹیم کو دوبارہ میدان میں اُتارنے سے روکنے کے آپشن پر بھی غور کیا۔صورتحال اس وقت مزید حساس ہوگئی

جب پاکستانی حکام نے اپنی ناراضی سے انگلش حکام کو آگاہ کیا۔ تاہم ای سی بی کے حکام نے بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کیا اور پاکستان ٹیم دوبارہ میدان میں آگئی۔

پی سی بی نے بعد میں یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ پاکستانی ٹیم لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کے کھیل میں شرکت کرے گی۔اسکائی اسپورٹس کیلئے یہ انٹرویو انگلینڈ کے سابق کپتان اور موجودہ براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے کیا تھا۔

گفتگو کے دوران قاسم اور سلیمان خان نے اپنے والد عمران خان کی صحت اور جیل میں موجودگی پر اپنے خدشات بیان کیے۔سلیمان خان نے کہا کہ وہ اپنے والد سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں،

تاہم پاکستان آنے کیلئے ویزا حاصل کرنے کی ان کی متعدد کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں۔ دونوں بھائیوں کے مطابق انہیں اپنے والد سے مارچ کے بعد بات کرنے کا موقع بھی نہیں ملا۔

عمران خان کے بیٹوں کا یہ بھی کہناتھاکہ پاکستان آنے کے لیے ویزا درخواستوں میں تاخیر یا انکار تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا، جبکہ انہیں گرفتاری کے خدشات بھی لاحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مشکلات کے باوجود ان کی بنیادی خواہش اپنے والد سے ملاقات کرنا ہے۔

یہ انٹرویو ایسے وقت نشر ہوا جب عمران خان کی صحت اور جیل میں سہولیات کا معاملہ پہلے ہی سیاسی اور عدالتی بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ ان کے اہلِ خانہ اور وکلا ان کی صحت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں،

جبکہ حکومت ان کے ساتھ ناروا سلوک کے الزامات کو مسترد کرتی رہی ہے۔گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے حوالے سے بھی احکامات جاری کیے تھے۔

عدالت نے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے اور اہل خانہ کو ملاقات کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔یوں لارڈز میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کے دوران کرکٹ کے میدان سے باہر بھی ایک سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا،

جس پر پی سی بی کی ناراضی اب باضابطہ شکایت کی صورت اختیار کرچکی ہے۔لارڈز کے میدان میں عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر ہونے کے بعد کرکٹ اور سیاست ایک بار پھر ایک دوسرے سے جڑ گئے۔

پی سی بی کے احتجاج نے معاملے کو مزید نمایاں کردیا ہے، جبکہ یہ واقعہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران ایک غیر معمولی تنازع کی صورت اختیار کر گیا ہے۔

اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ پی سی بی کی شکایت پر اسکائی اسپورٹس اور انگلش کرکٹ حکام کا اگلا ردعمل کیا سامنے آتا ہے، جبکہ لارڈز ٹیسٹ اپنی معمول کی کارروائی کے ساتھ جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!