اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ مقرر ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران کی پذیرائی کا عمل جاری ہے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ مقرر ہوگئے ہیں ۔کمیٹی آئی سی سی کے مالی اور کمرشل معاملات پر نظر رکھے گی۔احسان مانی کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں اندرا نوئی بطور آزاد ڈائریکٹر شرکت کریں گی۔کمیٹی میں امیتابھ چوہدری، کرس نینزنی، عمران خواجہ، ایرل ایڈنگز اور کولن گریوز بھی شامل ہیں۔ششانک منوہر اور مانو سواہنے بطور سابق عہدیدار کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔جنرل کونسل پی سی بی، سلمان نصیر آئی سی سی سیف گارڈنگ پینل کا حصہ بن گئے ہیں۔پینل کا مقصد آئی سی سی کے قوانین اور اس سے جڑے تمام افراد کی حفاظت کرنا ہے۔دونوں عہدیداران کی تعیناتی آئی سی سی سالانہ اجلاس میں کی گئی۔اس سے قبل ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور اسٹار کرکٹر ثنا میر کو آئی سی سی ویمنز کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ احسان مانی سال 1996 میں بھی آئی سی سی فنانشل اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کی سربراہی کر چکے ہیں۔