نیو لینڈ کیپ ٹاون میں پہلا ٹیسٹ 72رنز سے ہارنے والی بھارتی ٹیم سپر اسپورٹس پارک سینچورین میں دوسرا ٹیسٹ بھی 135 رنز سے ہار گئی۔
دوسری اننگز میں 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ٹیسٹ کے پانچویں دن 50.2 اوورز کی بیٹنگ میں 151 رنز پر پویلین لوٹ گئی جب کہ پہلی اننگز میں 153 رنز بنانے والے کوہلی دوسری اننگز میں 20گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور صرف 5 رنز بنا سکے۔
جنوبی افریقا کے لئے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے 21سال کے دائیں ہاتھ کے تیز بولر لونگی این گی ڈی نے دونوں اننگز میں 7 وکٹیں لیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 24جنوری سے نیو وانڈرر جوہانسبرگ میں شروع ہوگا، البتہ اس ٹیسٹ کا نتیجہ سیریز پر اثر انداز نہیں ہوگا کیوں کہ میزبان ٹیم کو تین ٹیسٹ کی سیریز میں اب 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
بھارتی ٹیم نے 1992/93ء میں پہلی بار جنوبی افریقا کا چار ٹیسٹ کی سیریز کے لئے دورہ کیا تھا جہاں اسے 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بھارت کا موجودہ دورہ جنوبی افریقا ساتواں دورہ ہے اور یہ اس کی ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقا میں چھٹی شکست ہے جب کہ سال 2011 میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ پر مشتمل سیریز 1-1 sسے برابر رہی تھی۔