راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کہتے ہیں کہ ایک سیریز کا نتیجہ خراب ہو تو ٹیم میں تبدیلیوں کی بات شروع ہو جاتی ہے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کپتان اظہر علی نے کہا کہ سری لنکا ہر کنڈیشن میں ہمیشہ مضبوط حریف رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچ کافی اچھی ہے، جو بیٹنگ بولنگ دونوں کے لیے مفید ہو گی، ہم پچ اور کنڈیشنز دیکھ کر 11 پلیئرز طے کریں گے۔اظہر علی کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ وقت کے ساتھ بہتر ہوتے جائیں گے، یہ پاکستان کا بیسٹ بولنگ اٹیک ہے، کرکٹ ہمارا فخر ہے، جتنا جیتیں گے اتنا اچھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم ری بلڈنگ پروسیس سے گزر رہی ہے، مجھ سے سوال ہوتا ہے کہ ری بلڈنگ تو 1987ء سے چل رہی ہے۔پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپ فیصلہ کریں کہ کیا کسی نے ٹیم کو کبھی وقت دیا ہے۔سری لنکن کپتان ڈمتھ کرونا رتنے نے بھی نیوز کانفرنس سے خطاب کیا، اس موقع پر ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس بولنگ اٹیک اچھا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور جیتیں، پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے بہترین پلاننگ کی ہے۔