کراچی ( سپورٹس لنک رپورٹ)چیئر مین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی جانب سے اسپورٹس گالا 2020کی کامیابی پر اسپورٹس گالا کے منتظمین کے اعزاز میں بلدیہ وسطی کے مرکزی آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر چیئر مین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ اسپورٹس گالا کے انعقاد کا بنیادی مقصد اسپورٹس کے حوالے سے ضلع وسطی کے ٹیلنٹ کو سامنے لانا تھا اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم اپنی اس کوشش میں کافی حد تک کامیاب رہے اور اس اسپورٹس گالا کے زریعے ایسے کھلا ڑی سامنے آئے ہیں کے جنہیں حکومت کی سرپرستی حاصل ہو اور ان کی ٹریننگ کا بہتر انتظام کیا جائے تو یہ کھلاڑی کراچی اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر سکتے ہیں۔ اسپورٹس گالا کا افتتاح 19جنوری کو کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ناظم آ با د جیم خانہ میں کیا 15روزہ اسپورٹس گالا میں ڈیڑھ درجن سے ذائد کھیلوں کے مقابلے بیک وقت ضلع وسطی کے مختلف پلے گراؤنڈز اور جیم خانوں میں منعقد ہوئے
جس میں 15سو کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اس کا انتظام کرنا آسان نہیں تھا لیکن انتظامیہ کی انتھک محنت اور باہمی رابطے کی وجہ سے یہ تمام مراحل آسانی سے طے ہوگئے۔ آ ج کی اس تقریب کے انعقاد کا مقصد ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے کہ جن کی دن رات کی کوششوں سے اسپورٹس گالا 2020کامیابی سے ہمکنار ہوا۔میں ان تمام منتظمین کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اسپورٹس ایسو سی ایشن کے نمائندوں کا بھی شکر گزار ہوں کے جنہوں نے اس اسپورٹس گالا کو کامیاب بنایا۔
اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی محفوظ یار خان، سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری احمد راجپوت، سیکریٹری بیڈمنٹن ایسوسی ایشن ماہیا معین، کراٹے ایسوسی ایشن کے عہدیدار عبدالحق، سندھ طائی کوانڈو ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کامران قمر، کراچی طائی کوانڈو کے جنرل سیکریٹری خلدون راجہ، کراچی ڈاج بال کے سیکریٹری خضر مہدی۔سیکریٹری سندھ ڈاج بال عابد نعیم ۔شارق صدیقی جوائن سیکرٹری و دیگر بھی موجود تھے۔تقریب کے آخر میں منتظمین اور اسپورٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کئے گئے۔