لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام کارپوریٹ چیلنج کپ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، ڈی پی ایس، آئی پی سی اور جاز نے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرلی۔ پہلے میچ میں ڈی پی ایس نے یوبی لوکریٹیو کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یوبی لوکریٹیو کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ فراز حسن نے 96 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد جواد نے مخالف ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
ڈی پی ایس کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ امتیاز انور نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ امتیاز انور کو شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں جاز نے یوبی لوکریٹیو کی ٹیم کو 13 رنز سے ہرا دیا۔ جاز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔ علی طیب 83 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ اعجاز بلوچ نے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں یوبی لوکریٹیو کی ٹیم 201 رنز بناسکی۔ عثمان وحید نے 122 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔
علی طیب کو شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ تیسرے میچ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اے ایم ٹی کو 10 وکٹوں سے پچھاڑ دیا ۔ اے ایم ٹی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔
علی بٹ نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا۔ احسان اللہ نے 112 جبکہ مبشر علی نے 68 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ احسان اللہ کو سنچری بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔آئی پی سی نے اے بی کو 26 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی ۔
آئی پی سی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے ۔ محمد ندیم نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ حارث صدیق نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اے بی کی ٹیم 144 رنز بنا سکی۔ مواز تامیہ نے 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد زاہد نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر محمد ندیم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔