دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر افغان وکٹ کیپر محمد شہزاد پر 2 میچز کی پابندی اور میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔زمبابوے میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میں میزبان ٹیم کے خلاف کھیلے گئے میچ میں افغان بیٹسمین محمد شہزاد کیچ آئوٹ ہونے کے بعد جارحانہ موڈ میں آ گئے، انہوں نے زور سے اپنا بیٹ پچ پر مارا جس سے وکٹ خراب ہوئی۔آئی سی سی نے واقعے کا نوٹس لیا اور شہزاد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے ان پر دو میچز کی پابندی اور میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔یاد رہے کہ شہزاد نے اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی جس کی وجہ سے انہیں پوری میچ فیس سے محروم ہونا پڑا تھا اور انہیں تین ڈی میرٹ پوائنٹس بھی ملے تھے۔