فرانس کی میزبانی میں ہونے والے پیرس اولمپکس کے دوران اسرائیل کے کھلاڑیوں کو 24 گھنٹے سیکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے شہر پیرس میں جمعے سے اولمپکس 2024 کا آغاز ہورہا ہے۔ ایسے میں انتظامیہ کی طرف سے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے جس کی وجہ یوکرین اور غزہ میں جاری جنگیں ہیں۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی حماس کے خلاف جنگ کی وجہ سے غزہ میں شدید تباہی ہوچکی ہے جسے فرانس میں بائیں بازو کے سیاسی حلقے شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
اس حوالے سے فرانس کے وزیرِ داخلہ جیرالڈ دارمینن نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کھیلوں کے مقابلوں میں اسرائیل کے کھلاڑیوں کو مسلسل سیکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
دوسری طرف فرانس میں انتہائی بائیں بازو کے قانون سازوں کی جانب سے واضح اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے کھلاڑیوں کو پیرس میں خوش آمدید نہیں کیا جائے گا۔ ان کی اولمپکس مقابلوں میں موجودگی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔