پیرس اولمپکس میں ایوارڈز کی دوڑ میں امریکا نے میڈلز کی سنچری مکمل کر لی ہے جب کہ 30 گولڈ میڈل کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔
پیرس اولمپکس 2024 کے 14 ویں روز میڈل ٹیبل پر امریکا 30 طلائی تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ امریکا نے 38 چاندی اور 35 کانسی کے تمغے بھی حاصل کیے ہوئے ہیں۔ یوں وہ رواں اولمپکس میں میڈلز کی سنچری (104) مکمل کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔
میڈلز ٹیبل پر امریکا کے بعد دوسرا نمبر چین کا ہے جس نے 29 گولڈ میڈل حاصل کر رکھے ہیں۔ چین کے حاصل کردہ مجموعی میڈلز کی تعداد 73 ہوگئی ہے، جس میں 25 چاندی اور 19 کانسی کے شامل ہیں۔
اس فہرست میں آسٹریلیا 18 گولڈ میڈل کے ساتھ تیسرے جب کہ فرانس 14 گولڈ میڈل کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ پاکستان کے ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل حاصل کر کے پاکستان کا نام بھی اس فہرست میں درج کرا دیا ہے۔
رواں گیمز میں چینی اور امریکی ایتھلیٹس کی پاور فل پرفارمنس دیکھنے کو مل رہی ہے۔ 400 میٹر مینز فائنل میں اگر امریکا کے ہال سونے کا تمغہ جیت گئے تو آرٹسٹک سوئمنٹ میں چینی سوئمرز نے خود کو منوا لیا جب کہ خواتین کی 49 کلوگرام پاور لفٹنگ میں بھی چین نے بازی ماری۔
تائی کوانڈو کی 49 کلو کٹیگری میں تھائی فائٹر کامیاب رہیں۔ مردوں کے 58 کلو مقابلوں میں کوریا نے میدان مارا جب کہ باکسنگ کی ساڑھے تریسٹھ کلو گرام کٹیگری میں کیوبا نے گولڈ میڈل جیتا۔ 80 کلو گرام میں یوکرینی باکسر نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔
پول والٹ کے ویمنز فائنل میں آسٹریلیا کی نینا نے سونے اور امریکا کی کیٹی مون نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ مردوں کے تین ہزار میٹر اسٹیپل چیز میں مراکش کے سفیان سب پر بھاری پڑے۔