قومی ٹیم کے ریڈبال ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کا کہنا ہےکہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تیسرے ٹیسٹ کے لیے راولپنڈی کی پچ دلچسپ ثابت ہوگی، جہاں ان کے مطابق دونوں کرکٹ ٹیموں کو ٹاس جیتنے کا خواہشمند ہونا چاہیے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پچ بہت خشک ہے، گھاس کی غیر موجودگی کے باعث پچ دلچسپ برتاؤ کا مظاہرہ کرے گی، یہی وجہ ہے کہ دونوں ٹیمیں ٹاس جیتنے کی متمنی ہوں گی۔
پاکستان کے ہیڈ کوچ کے مطابق پاکستان کی قومی ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے بہت اچھی تیاری کی ہے، ملتان ٹیسٹ اچھا کھیلا، یہ ٹیسٹ دونوں ٹیموں کے لیے چیلنجنگ تھا، اسپنرزکے لیے سازگارپچ تھی لیکن شائقین کرکٹ دوسرے ٹیسٹ سے محظوظ ہوئے، مجھے اپنے کھلاڑیوں پرفخرہے۔
’ٹاس ٹاس ہوتا ہے، جیت کر اچھا اسکور بورڈ پر دیکھنا چاہیں گے، لڑکے آہستہ آہستہ غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے سیکھ رہے ہیں، تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آخری ٹیسٹ میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔‘
جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ کوشش کرتا ہوں کھلاڑیوں کو بیرونی دباؤ سے دور رکھوں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد تبدیلیاں کیں، پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد سلیکشن کمیٹی نئی بنائی گئی۔ ’انگلش ٹیم اچھی ٹیم ہے لیکن ہم بھی اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔‘
ہیڈ کوچ کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ اچھی نہیں رہی تاہم حالیہ فتح کے پیش نظر اس انداز کی کرکٹ کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
’لگتا ہے صحیح وقت پر ٹیم ٹریک پر آگئی ہے، راولپنڈی ٹیسٹ دونوں ٹیموں کیلیے چیلنجنگ ہے، ہمارا فوکس میچ جیتنے پر ہے، اگر پہلے بیٹنگ ملی تو اچھا سکور کر کے دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے۔‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ جمعرات سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی اسپنرز نے انگلینڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 152 رنز سے فتح دلائی تھی۔