
ہمارا قومی کھیل ہاکی ہے اور وہ تباہی کا شکار ہے، شاہد آفریدی
سابق کپتان شاہد آفریدی نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہمارا قومی کھیل ہاکی ہے اور وہ تباہی کا شکار ہے،ہماری سپورٹس منسٹری کا قومی کھیل کی طرف دھیان نہیں ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سپورٹس منسٹری کو چاہیے کہ ہاکی کو سپورٹ کرے، وزیر اعظم شہباز شریف کھیل سے لگاؤ رکھتے ہیں، امید ہے وہ ہاکی پر توجہ دیں گے، بھارت کی ہمارے ساتھ کھیلنے کی نیت پہلے ہی نہیں تھی،
پہلگام واقعہ بھارت کا ڈرامہ ہے،یہ کیسے ہو گیا کہ دہشت گرد ایک گھنٹے تک کارروائی کرتے رہے اور8لاکھ فوجی آئے ہی نہیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت والے اپنے لوگوں کو خود ہی مار دیتے ہیں اور خود ہی زندہ کروا دیتے ہیں، بھارت کی بلنڈرز مارنے کہ عادت پرانی ہے،
دہشتگردی کو کوئی بھی ملک یا دین سپورٹ نہیں کرتا، پاکستان اور اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،ہم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ2016ورلڈ کپ میں ہمیں پتہ ہی نہیں تھا کہ ہم نے بھارت جا کر کھیلنا بھی ہے یا نہیں،کبڈی کی بھارتی ٹیم آ جاتی ہے کرکٹ کی ٹیم نہیں آتی، اگر بند کرنا ہے تو تمام چیزیں بند کرو، کرکٹ بورڈ میں تسلسل نہیں ہے،
پی ایس ایل کا آغاز جنہوں نے کیا تھا انہی کو جاری رہنا چاہیے تھا، میں نے سنا ہے پی ایس ایل کے کچھ فرنچائز مالکان مالی نقصان کا کہہ رہے ہیں،پی ایس ایل سے کافی فرنچائز مالکان نے فائدہ اٹھایا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ مجھے پاکستان کرکٹ ٹیم سے کوئی لگاؤ نہیں ہے، مجھ سے کام لینا ہے تو گراس روٹ لیول پر کام لیا جائے،ہمارے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سیزن میں کوئی لیگ کی اجازت نہیں دینی چاہیے،شعیب ملک فٹ ہے تو کھیل رہا ہے میں اب نہیں کھیل سکتا۔



