ٹی 20 سیریز: بنگلہ دیش ٹیم کے باقی ارکان بھی لاہور پہنچ گئے

ٹی 20 سیریز: بنگلہ دیش ٹیم کے باقی ارکان بھی لاہور پہنچ گئے
لاہور: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے باقی ماندہ کھلاڑی اور آفیشلز پاکستان پہنچ گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی دورۂ پاکستان کے لیے مہمان ٹیم کا اسکواڈ مکمل ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق تیسرے اور آخری مرحلے میں بنگلہ دیشی ٹیم کے آٹھ رکنی قافلے نے لاہور پہنچ کر پہلے سے موجود ٹیم کے دیگر ارکان کو جوائن کر لیا۔ اس تازہ دستے میں چار کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم کا سپورٹ اسٹاف بھی شامل ہے۔
لاہور پہنچنے والے کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس، نوجوان فاسٹ بولر شرف السلام، تجربہ کار بلے باز نجم الحسین شنتو اور محمد توحید ردوئے شامل ہیں۔
بنگلہ دیشی ٹیم تین مراحل میں پاکستان پہنچی ہے، جہاں اسے میزبان ٹیم کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ 28 مئیکو ہوگا، دوسرا مقابلہ 30 مئی کو اور تیسرا و آخری میچ یکم جون کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیمیں آج شام 7:30 پر قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی، جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی ادارے بھی مہمان ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔



