Tag: بھارت

  • سہ ملکی ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز،بھارت فائنل میں پہنچ گیا

    سہ ملکی ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز،بھارت فائنل میں پہنچ گیا


    کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارت کی ٹیم سری لنکا میں جاری سہ ملکی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے، مین آف دی میچ روہت شرما نے 89 رنز بنا کر بھارت کو فائنل میں پہنچا دیا، بنگلہ دیش کیخلاف 17 رنز سے کامیابی میں واشنگٹن سندر کی تین وکٹوں کا بھی اہم کردار رہا۔آر پریماداسا سٹیڈیم میں بنگلا دیشی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈ میں اترنے کا فیصلہ کیا تو بھارتی کپتان روہت شرما اور شیکھر نے ابتدائی دس اوورز میں 70 رنز سمیٹ کر اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کردیا۔ شیکھر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رنز بنا کر روبیل حسین کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے لیکن نصف سنچری مکمل کرنے والے روہت شرما نے سریش رائنا کے ساتھ دوسری وکٹ پر 102 رنز کی شراکت قائم کر کے پوزیشن کو مضبوط تر کردیا۔ سریش رائنا نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے اور روہت شرما نے رن آؤٹ ہونے سے قبل 89 رنز کو پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں سے سجایا اور بھارتی ٹیم تین وکٹوں پر 176 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بنگلا دیشی میڈیم پیسر روبیل حسین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز کو تمیم اقبال کے 27 رنز کے باوجود 61 رنز پر چار وکٹوں سے محرومی کا سامنا رہا جس کے بعد مشفق الرحیم اور 27 رنز بنانے والے صابر رحمن نے 65 رنز کا اضافہ کیا لیکن ان کی کاوش فتح کیلئے ناکافی ثابت ہوئی۔ مشفق الرحیم نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 72 رنز بنائے جبکہ مہدی حسن میراز سات رنز ہی بنا سکے ۔ بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایشیا کپ میں شرکت کا امکان

    پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایشیا کپ میں شرکت کا امکان

    دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ )بی سی سی آئی کیخلاف قانونی جنگ چھڑنے کے باوجود پاکستان کی بھارت میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت کا امکان ہے۔بی سی سی آئی کیخلاف قانونی جنگ سے پیدا ہونے والے جمود کے باوجود پاکستان کی بھارت میں رواں سال شیڈول ایشیا کپ میں شرکت کا امکان ہے،باہمی کرکٹ سیاسی کشیدگی کی نذر ہونے کا انٹرنیشنل ایونٹس میں مقابلوں پر اثر پڑنے کی توقع نہیں۔یاد رہے کہ بی سی سی آئی نے اپریل میں پاکستان میں ہونے والے ایمرجنگ کپ میں اپنی ٹیم پاکستان بھجوانے سے انکار کردیا تھا،حکام کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہونے  والی جس میٹنگ میں فیصلہ کیا گیااس میں ہمارا کوئی نمائندہ ہی موجود نہیں تھا۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم بھی ایشیاکپ میں اپنی ٹیم نہ بھجوانے کا فیصلہ کرسکتے ہیں، ذرائع کے مطابق اب چیئرمین کا خیال ہے کہ ایشیائی ٹورنامنٹ ثالثی کمیٹی کے فیصلے اور ایف ٹی پی سے الگ معاملہ ہے،اس کو ساتھ جوڑ کر دیکھنا مناسب نہیں ہوگا،یہ موقف سامنے آنے کے بعد اب محسوس ہورہا ہے کہ پاکستان آئی سی سی ایونٹس کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے تحت اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے بھی بھارت جانے پر تیار ہوجائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم شامل ہونے کی وجہ سے جونیئر ایشیا کپ کا بھارت میں انعقاد نہیں ہوسکا تھا، میزبانی کا اعزاز ملائیشیا کو حاصل ہوا جس کے بعد اب پاکستان باہمی سیریزاور پی ایس ایل کے میچز بھی اسی ملک میں کرانے کے لیے پر تول رہا ہے جب کہ یو اے ای میں اکتوبر میں شیڈول افغان لیگ پی سی بی کے لیے پریشانی کا باعث ہے،پاکستان کو اسی دوران آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرنا ہے۔

  • سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز،پہلے میچ میں سری لنکا بھارت پر وار کر گیا

    سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز،پہلے میچ میں سری لنکا بھارت پر وار کر گیا

    کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ)سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے افتتاحی معرکے میں مرد میدان کوشل پریرا نے 66 رنز بنا کر سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے فتحیاب کرا دیا،بھارت کو شیکھر کی 90 رنز کی عمدہ اننگز کے باوجود ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ آر پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹرائی سیریز کے افتتاحی میچ میں ٹاس جیت کر سری لنکا نے فیلڈ سنبھالی تو بھارتی کپتان روہت شرما صفر اور سریش رائنا محض ایک رن پر داغ مفارقت دے گئے۔ اس موقع پر شیکھر دھاون نے منیش پانڈے کے ساتھ مل کر صورت حال کو سنبھالا اور 95 رنز کی رفاقت نے مہمان ٹیم کی پوزیشن بہتر بنا دی۔ منیش پانڈے تیرہویں اوور میں 37 رنز بنا کر واپس گئے تو ففٹی کا مرحلہ مکمل کرنے والے شیکھر نے 23 رنز بنانے والے رشبھ پنت کے ساتھ بھی 49 رنز کا اضافہ کیا لیکن انہیں بھی دنوشکا گوناتھیلاکا نے اس وقت گھیر لیا جب وہ 90 رنز میں چھ چوکے اور چھ چھکے لگا چکے تھے اور بھارتی ٹیم پانچ وکٹوں پر 174رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چمیرا ہی دو وکٹیں لے سکے۔ جوابی اننگز میں کوشل مینڈس 11 رنز ہی بنا سکے لیکن 19 رنز بنانے والے دنوشکا گوناتھیلاکا نے کوشل پریرا کے ساتھ سکور 70 تک پہنچا دیا۔ کپتان دنیش چندی مل کو 14 رنز بنانے کا موقع مل سکا جبکہ مرد میدان کوشل پریرا نے 66 رنز کو چھ چوکوں اور چار چھکوں سے سجایا۔ بعد میں آنے والے اپل تھرنگا نے 17اور داسون شناکا نے 15 جبکہ تھیسارا پریرا نے ناقابل شکست 22 رنز بنا کر فتح ممکن بنا دی،واشنگٹن سندر اور یزویندر چاہل کی دو،دو وکٹیں کسی کام نہ آ سکیں۔

     

     

  • قطر جونیئر سکواش چیمپئن شپ،پاکستانی کھلاڑی چھا گئے

    قطر جونیئر سکواش چیمپئن شپ،پاکستانی کھلاڑی چھا گئے

    اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)قطر میں منعقدہ قطر جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چارکیٹگریز میں ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا ۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق قطر جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں نوجوان سکواش پلیئرز نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت کامیابیاں سمیٹیں ، چیمپئن شپ میں پاکستان، بھارت، قطر، مصر، ملائشیا، اردن، آئرلینڈ، امریکہ اور ایران کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ چیمپئن شپ کی انڈر 13کیٹیگری کے فائنل میں پاکستان کے محمد عماد نے بھارت کے سنیل کو 3-0 سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا ،انڈر 15 کیٹیگری کے فائنل میں حماد خان نے اردن کے عبدالرحمان کے خلاف 3-0 سے کامیابی حاصل کی، انڈر 17 فائنل میں حارث قاسم نے ہم وطن فرحان ہاشمی کو 3-0 سے ہرایا جبکہ انڈر 19 کیٹیگری کا ٹائٹل عزیر رشید کے نام رہا، فائنل میں عزیر رشید نے ہم وطن عباس زیب کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

     

  • سری لنکا میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کل سے

    سری لنکا میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کل سے


    کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکا، بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان سہ ملکی ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا آغاز 6 مارچ سے سری لنکا میں ہو گا۔ شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم کو بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا، سیریز میں شریک تینوں ٹیمیں دو، دومرتبہ آپس میں مدمقابل ہوں گی جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 18 مارچ کو کھیلا جائے گا۔سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے ابتدائی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بھارت سے ہو گا، 8 مارچ کو بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت، 10 مارچ کو سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش، 12 مارچ کو سری لنکا کا مقابلہ بھارت، 14 مارچ کو سیریز کے پانچویں میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت سے ہو گا، سیریز کا چھٹا اور آخری میچ 16 مارچ کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے مابین ہو گا۔

  • سہ ملکی ٹورنامنٹ سے قبل بنگلہ دیش کو بڑا دھچکا

    سہ ملکی ٹورنامنٹ سے قبل بنگلہ دیش کو بڑا دھچکا

    ڈھاکہ (سپورٹس لنک رپورٹ)بنگلا دیشی ٹیم کو آئندہ ہفتے سری لنکا میں شیڈول سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے ، سٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن فٹنس مسائل کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ، ان کی جگہ لٹن داس کو ٹیم میں طلب کر لیا گیا ہے ، شکیب کی عدم دستیابی کی وجہ سے محموداﷲ ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے ۔ بی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ شکیب ابھی تک مکمل صحت یاب نہیں ہو سکے ، ڈاکٹرز نے ان کی انجری کا جائزہ لینے کے بعد انہیں مزید آرام کا مشورہ دیا ہے ۔

     

     

  • قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کا اب کوئی شوق نہیں،شعیب ملک

    قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کا اب کوئی شوق نہیں،شعیب ملک

    دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کر کٹ ٹیم کے آل رانڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ اب قومی ٹیم کی کپتانی کا کوئی شوق نہیں رہا،ورلڈکپ 2019میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے میگاٹائٹل جیتنے کا خواب پورا کرنا چاہتا ہوں، وسیم اکرم نے ملتان سلطانز کی قیادت سنبھالنے کا کہا تھااس لئے انکار نہیں کرسکا،پاک بھارت کرکٹ ہونی چاہیے، دونوں ملکوں کے مابین مقابلے کرکٹ کی جان ہیں، جس اس روز پاک بھارت میچ ہو ایسا لگتا ہے کہ عید کا سماں ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں سابق قومی کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ وسیم اکرم جیسے عظیم کرکٹر نے پی ایس ایل تھری میں ملتان سلطانز کی قیادت سنبھالنے کا کہا تھااس لئے انکار نہیں کرسکا تاہم قطعی طور پر قومی ٹیم کی کپتانی کی خواہش نہیں رکھتا، اپنی فٹنس اور کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ورلڈکپ 2019میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے میگاٹائٹل جیتنے کا خواب پورا کرنا چاہتا ہوں تاہم شدید خواہش ہے کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد پاکستان عالمی چیمپئن بھی بنے۔نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آل رانڈر نے کہا کہ کیوی کنڈیشنز میں بیٹسمینوں کو ہمیشہ مشکلات ہوتی ہیں تاہم تسلیم کرنا ہوگا کہ کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی، کم بیک کے بعد اعلی معیار کی پرفارمنس دکھانے میں کامیاب رہا لیکن کبھی کبھار کیریئر میں برا دور بھی آتا ہے، اس سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اپنی خامیوں کو دور کرنے کیلئے کام کیا جائے، میں بھی سخت محنت کررہا ہوں، پی ایس ایل میچز میں اس کا مثبت نتیجہ بھی سامنے آرہا ہے۔نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی کرنے کے حوالے سے خاص شہرت رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ نیا ٹیلنٹ پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہے،کسی سینئر کو یہ فکر نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی نوجوان آگے نہ نکل جائے، تجربہ کھیل کر آتا ہے، اگر کوئی سینئر اس کو نئے ٹیلنٹ میں منتقل کرے اور یہی پلیئرز ٹیم کو 4کے بجائے 6میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کریں تو اس سے اچھی کوئی بات نہیں ہوسکتی۔پاک بھارت کرکٹ کی بحالی کے سوال پر آل رائونڈر کا کہنا تھا کہ نہ صرف کھیل کے میدانوں میں مقابلے بلکہ سیاسی اختلافات بھی دور ہونا چاہئیں، دونوں ملکوں میں زبانیں اور کھانے پینے کی عادات زیادہ مختلف نہیں، مجھے بھارت میں بڑی پذیرائی ملتی ہے، ثانیہ مرزا کو پاکستان میں بڑی عزت دی جاتی ہے، امید ہے پڑوسی ملکوں کے حکام بھی خلیج کو کم کرنے کا سوچ رہے ہوں گے، دونوں ملکوں کے مابین مقابلے کرکٹ کی جان ہیں، اگر باہمی میچز ہورہے ہوں تو بڑا جوش وجذبہ نظر آتا ہے، اس روز ایسا لگتا ہے کہ عید کا سماں ہے۔

  • سہ ملکی کرکٹ سیریزکا آغاز 6مارچ سے ہوگا

    سہ ملکی کرکٹ سیریزکا آغاز 6مارچ سے ہوگا

    کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکا، بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا آغاز 6 مارچ سے ہو گا۔ افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی ٗ8مارچ کو بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت، 10 مارچ کو سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش، 12 مارچ کو سری لنکا کا مقابلہ بھارت، 14 مارچ کو سیریز کے پانچویں میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت سے ہو گا، سیریز کا چھٹا اور آخری میچ 16 مارچ کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے مابین ہوگا۔

     

  • علیم ڈار بھی پاکستان سپر لیگ تھری میں پہنچ گئے

    علیم ڈار بھی پاکستان سپر لیگ تھری میں پہنچ گئے

    شارجہ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار بھی پاکستان سپر لیگ تھری کا حصہ بننے شارجہ پہنچ گئے ہیں۔

    لگاتار دو مرتبہ آئی سی سی کے سال کے بہترین امپائر کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار آج شارجہ میں ہونے والے پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

    علیم ڈار آئی سی سی کی مصروفیات کی وجہ سے تاخیر سے پاکستان سپر لیگ کا حصہ بن رہے ہیں، وہ بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والی سیریز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

    پاکستان سپر لیگ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے علیم ڈار کے پی ایس ایل کا حصہ بننے کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 22 فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی میچز دبئی میں کھیلے گئےجس کے بعد اب شارجہ کے گراؤنڈ میں میچز کھیلے جا رہے ہیں جبکہ ٹورنامنٹ کے دو سیمی فائنل لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

  • ہاکی کے متوالوں کیلئے بڑی خبر۔۔۔ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کب کس سے ٹکرائے گی تفصیلات آگئیں

    ہاکی کے متوالوں کیلئے بڑی خبر۔۔۔ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کب کس سے ٹکرائے گی تفصیلات آگئیں

    لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ) ایف آئی ایچ نے ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے شیڈول کا اعلان کردیا جب کہ پاکستان کا پہلا مقابلہ یکم دسمبر کو جرمنی سے ہوگا۔ایف آئی ایچ نے ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے شیڈول کا اعلان کردیا، ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنھیں 4 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، پول اے میں ریو اولمپکس 2016 کی چیمپئن اور ورلڈ نمبر 2 ارجنٹائن، نمبر 9 نیوزی لینڈ، نمبر 8 اسپین اور نمبر 18فرانس کی ٹیمیں شامل ہیں۔پول بی میں عالمی نمبر ون آسٹریلیا، نمبر 7 انگلینڈ، نمبر 10آئرلینڈ اور نمبر 17چین، پول سی میں ورلڈ نمبر 3 بیلجیم کے ساتھ نمبر 6 بھارت، نمبر 11 کینیڈا اور نمبر 15جنوبی افریقہ کو رکھا گیا ہے جبکہ پول ڈی میں عالمی نمبر 4 نیدرلینڈ کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود دو مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن جرمنی، نمبر 12ملائیشیا اور ایف آئی ایچ رینکنگ میں 13 ویں نمبر پر موجود ریکارڈ 4 عالمی ٹائٹلز کی فاتح پاکستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ورلڈ کپ میں پول مرحلے میں 28 سے 9 نومبر تک ہر روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کے افتتاحی روز پول سی میں شین میکلوڈ کی قیادت میں بیلجیم اور کینیڈا کے مابین ہوگا، دوسرے میچ میں میزبان بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے شیڈول ہے۔ گرین شرٹس کا پہلا مقابلہ یکم دسمبر کو جرمنی سے ہوگا، 5 دسمبر کو ملائیشیا سے جوڑ پڑے گا جبکہ 9 دسمبر کو قومی ٹیم نیدر لینڈز کے خلاف میدان میں اترے گی۔ 2 دسمبر کو بھارت اور بیلجیم کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، انگلینڈ اور آسٹریلیا 4 دسمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔ہر پول میں ٹاپ پوزیشن پر آنے والی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں یقینی رسائی حاصل کرلیں گی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ٹیموں کو 10 اور 11 دسمبر کو ایک ایک میچ مزید کھیلنا ہوگا۔کوارٹر فائنلز 12 اور 13 دسمبر کو کھیلے جائیں گے، 14 دسمبر کو آرام کا دن ہوگا جبکہ 15 دسمبر کو سیمی فائنلز شیڈول ہیں، فیصلہ کن معرکہ 16 دسمبر کو ہوگا۔جبکہ اسی روز سیمی فائنلز میں ہارنے والی ٹیموں کے مابین برانز میڈل کیلیے میچ بھی ہوگا۔میگا ایونٹ رواں سال 28 نومبر سے 16 دسمبر تک کالنگا اسٹیڈیم بھونیشور میں ہوگا، میزبان وینیو میں تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، ورلڈ کپ میں میزبان بھارت کے علاوہ گزشتہ سال لندن اور جوہانسبرگ میں کھیلے گئے ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز کے ذریعے کوالیفائی کرنے والی اور براعظمی چیمپئنز ٹیمیں شامل ہیں۔

     

error: Content is protected !!