کرکٹ

پاکستانی ٹیم کو تسلسل کی راہ اپنانا ہوگی، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا مشورہ

پاکستانی ٹیم کو تسلسل کی راہ اپنانا ہوگی، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا مشورہ

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹیم کو ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے لیے ایک مربوط اور واضح انداز اپنانے پر زور دیا ہے تاکہ کارکردگی میں تسلسل پیدا کیا جا سکے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ اس وقت پاکستان ٹیم عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر ہے، اور موجودہ صورتحال میں ٹیم کو ایسی حکمت عملی اپنانا ہوگی جو مسلسل کامیابی کی بنیاد بن سکے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں کھیلے گئے ابتدائی چھ میچز دو مختلف مزاج کی پچز پر ہوئے، جن میں نوجوان بیٹرز کی جانب سے 200 سے زائد رنز بنانا خوش آئند ہے۔

ہیڈ کوچ نے میرپور کے کم اسکور والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی وینیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے مشکل حالات میں ٹیم نے واپسی کی مثال قائم کی، اور کھلاڑیوں نے نہ صرف دباؤ میں سیکھا بلکہ اپنی صلاحیتوں میں نکھار بھی دکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مقابلوں کے دوران کئی نئے چہرے سامنے آئے جنہوں نے اپنی کارکردگی سے اعتماد جیتا۔

مائیک ہیسن نے فیلڈنگ اور بولنگ میں ہونے والی بہتری کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشلسٹ کوچز نے بنگلہ دیش اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) میں بولرز کی تیاری اور بہتری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے بقول، آخری دو میچز میں ٹیم کی فیلڈنگ کا معیار نمایاں طور پر بہتر ہوا، جو ایک مثبت اشارہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ آگے بڑھنے کے لیے ٹیم کو صرف ٹیلنٹ پر نہیں بلکہ منظم اندازِ کھیل اور مستقل مزاجی کو اپنانا ہوگا تاکہ عالمی مقابلوں میں قابلِ رشک کارکردگی دکھائی جا سکے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!