کرکٹ

دوسرا ون ڈے : پاکستان شاہینزکو پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف 7 وکٹوں سے شکست۔

دوسرا ون ڈے : پاکستان شاہینزکو پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف 7 وکٹوں سے شکست۔

بیکنھم 25 جولائی ۔ پاکستان شاہینز کو دورۂ انگلینڈ کے دوسرے ون ڈے میچ میں پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ پاکستان شاہینز نے اسی ٹیم کے خلاف پہلا ون ڈے پانچ وکٹوں سے جیتا تھا۔

کینٹ کاؤنٹی کے گراؤنڈ بیکنھم میں جمعہ کے روز کھیلے گئے50 اوورز کے اس دوسرے ون ڈے میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ دی جو 29 اعشاریہ 3 اوورز میں 152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

میزبان ٹیم نے 26 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کرلیا۔

پاکستان شاہینز کی طرف سے اوپنر اذان اویس نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 85گیندوں پر68 رنز سکور کیے جس میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔وہ آؤٹ ہونے والے نویں بیٹر تھے۔

حیدر علی15، علی زریاب14 اور شاہد عزیز13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کی طرف سے لیگ سپنر جعفرعلی چوہان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 43 رنزدے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ دائیں ہاتھ کے تیز بولر سکاٹ کری نے26 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

پرو فیشنل کلب کاؤنٹی سلیکٹ الیون کی اننگز میں 35 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ٹام لیوس اور حمزہ شیخ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں59 رنز کا اضافہ کیا۔لیوس پانچ چوکوں کی مدد سے 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

حمزہ شیخ نے 54 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔انہوں نے پہلے ون ڈے میں 44 رنز سکور کیے تھے۔

کپتان بیکنسٹائن 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستان شاہینز کی طرف سے میر حمزہ ۔ عبید شاہ اور شاہد عزیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان شاہینز دورے کا تیسرا ون ڈے میچ 27 جولائی کو پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف کاؤنٹی گراؤنڈ ہوو میں کھیلے گی جس کے بعد اسے دو تین روزہ میچز کھیلنے ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!