کرکٹ

شاداب خان کے کندھے کی انجری، ایشیا کپ 2025 میں شرکت مشکوک

شاداب خان کے کندھے کی انجری، ایشیا کپ 2025 میں شرکت مشکوک

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاداب خان کی ایشیا کپ 2025 میں شرکت خطرے میں پڑ گئی ہے، کیونکہ وہ اب تک کندھے کی تکلیف سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق 26 سالہ شاداب خان نے رواں ماہ کے آغاز میں برطانیہ میں کندھے کی سرجری کروائی تھی، تاہم مکمل بحالی میں وقت درکار ہے۔ یہی وہ انجری ہے جس کے باعث وہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے دورے سے بھی باہر رہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شاداب کو مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے کم از کم تین ماہ کا آرام درکار ہے، جس کا مطلب ہے کہ وہ ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ سے قبل ٹیم کو دستیاب نہیں ہو سکیں گے، ان کی میدان میں واپسی اکتوبر سے قبل ممکن نہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اب تک شاداب کی غیر موجودگی میں کسی مستقل نائب کپتان کے تقرر کا اعلان نہیں کیا۔ بنگلہ دیش سیریز اور موجودہ ویسٹ انڈیز ٹور کے دوران کسی کھلاڑی کو باضابطہ طور پر نائب کپتان مقرر نہیں کیا گیا، تاہم ٹیم کی اندرونی قیادت کی ذمہ داریاں عارضی طور پر سلمان علی آغا نبھا رہے ہیں۔

شاداب کی غیر موجودگی پاکستان ٹیم کے کمبی نیشن کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایشیا کپ کی تیاریوں کا مرحلہ اپنے عروج پر ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ٹی 20 فارمیٹ میں منعقد کیا جائے گا، اور یہ ٹورنامنٹ 2026 میں بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے تناظر میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!