
آسٹریلیا کا ویسٹ انڈیز میں تاریخی وائٹ واش، تمام 8 میچز اپنے نام کرلیے
آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-5 سے جیت لی اور دورے کا شاندار اختتام کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلوی ٹیم نے نہ صرف ٹی 20 سیریز بلکہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بھی مکمل وائٹ واش کر کے تاریخ رقم کر دی۔
پانچویں ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے 170 رنز بنائے۔ شمرون ہیٹمائر نے 52 جبکہ شیرفن ردھرفورڈ نے 35 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشیس نے تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ نیتھن ایلس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے 18 گیندیں قبل ہی فتح حاصل کر لی، اگرچہ سات وکٹیں گر چکی تھیں۔ ڈیبیو کرنے والے مچل اوون نے 37 رنز بنائے، جبکہ ٹم ڈیوڈ نے صرف 12 گیندوں پر 30 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔
کیمرون گرین کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے 205 رنز اسکور کیے۔ آسٹریلیا نے مجموعی طور پر دورے میں 8 میچز کھیلے اور تمام جیت کر تاریخی کلین سوئپ مکمل کیا۔
ویسٹ انڈیز اب گرین شرٹس کے خلاف اپنی اگلی سیریز کی تیاری کرے گی، جس کا آغاز یکم اگست سے ٹی 20 میچز سے ہوگا۔



