ورلڈ کپ 2027 کیلئے پاکستان کا کمبی نیشن بہت اچھا بنا ہوا ہے، فخر زمان
پاکستان کئی سال سے کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیت سکا، اوپننگ بیٹر کا اعتراف

ورلڈ کپ 2027 کیلئے پاکستان کا کمبی نیشن بہت اچھا بنا ہوا ہے، فخر زمان
راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2027 کیلئے پاکستان کا کمبی نیشن بہت اچھا بنا ہوا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ ٹیم میں وائٹ بال کرکٹ میں کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور تمام لڑکوں کے ذہن میں ورلڈ کپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی حال ہی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر آ رہے ہیں، جس سے ذہنی اور جسمانی فٹنس بہتر ہوئی ہے۔ میں نے خود فرسٹ کلاس سیزن میں ڈیڑھ سو اوورز فیلڈنگ کی ہے۔
فخر زمان نے مزید کہا کہ ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کے بعد وائٹ بال کرکٹ نسبتاً آسان لگتی ہے۔ ٹرائی نیشن سیریز ٹیم کا کمبی نیشن بنانے کے لیے بہت اہم ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات ہمارے ذہنوں میں ہے کہ ہم کافی عرصے سے کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیت سکے، ہم فائنل اور سیمی فائنل تک پہنچتے رہے ہیں لیکن اب ہماری نظریں ٹرافی پر ہیں۔
فخر زمان نے کہا کہ ہر کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہے اور اچھی پرفارمنس پر شائقین کی جانب سے تعریف بھی ملتی ہے لیکن ہر روز اچھی کارکردگی دکھانا ممکن نہیں ہوتا، وائٹ بال کرکٹ میں کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ون ڈے کرکٹ ان کا پسندیدہ فارمیٹ ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ فریقی ون ڈے سیریز کا آغاز 18 اکتوبر سے راولپنڈی میں ہو رہا ہے۔



