
پاکستان نے افغانستان کو ہرا کر ٹرائی نیشن سیریز جیت لی
سہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
آج کا میچ شارجہ کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ فخر زمان 27، محمد نواز 25 اور آغا سلمان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
جواب میں افغانستان کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی اور کوئی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا۔ اور پوری ٹیم 15.5 اوورز میں 66 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستانی اسپنر محمد نواز نے ہیٹ ٹرک کرنے کے ساتھ ساتھ کل پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ سفیان مقیم اور ابرابر احمد نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
سلمان علی آغا نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کوشش کریں گے اس میچ کو بھی عام میچ کی طرح کھیلیں۔ بڑا اسکور کرکے دباؤ ڈالنے کے لیے پہلے بیٹنگ کررہے ہیں۔
آج کے میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے سلمان مرزا کی جگہ سفیان مقیم کو شامل کیا گیا تھا۔
سہ ملکی سیریز میں میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیم چاروں میچز میں ناکام رہی اور ایک بھی فتح اپنے نام نہ کر سکی، جس کے باعث وہ پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔
پاکستان کا سکواڈ ; اس میچ میں پاکستانی سکواڈ سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، حسن نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سفیان مقیم اور ابرار احمد پر مشتمل تھا۔
افغانستان کا سکواڈ ; اس میچ میں رحیم اللہ گُرباز، ابراہیم زردان، صدیق اللہ اٹل، درویش رسولی، کریم جنت، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان (کپتان)، محمد نبی، اے ایم غضنفر، نور احمد اور فضل الحق فاروقی افغانستان کے سکواڈ میں شامل تھے۔



