
نیش کپ 2025 کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے لندن اسکواش اینڈ فٹنس سینٹر میں شروع ہوگیا۔
اسلام آباد-25 ستمبر 2025: پاکستانی اسکواش کھلاڑی نور زمان اور اشعب عرفان ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ پاکستانی کوچ فرحان زمان نے نوجوان کھلاڑیوں کی حالیہ متاثر کن کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان اسکواش کا مستقبل قرار دیا
اور کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں نور زمان اور اشعب عرفان کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا، لیکن ان کی حالیہ فارم بتاتی ہے کہ وہ اس چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
فرحان زمان نے کہا کہ نور زمان ورلڈ انڈر 23 چیمپیئن شپ جیتے ہیں اور جان کریک اوپن میں اشعب عرفان کی فتح نے پاکستان اسکواش کا وقار بلند کیا ہے امید ہے وہ کینیڈا میں بھر اپنے جوہر دکھانے میں کامیاب ہوں گے۔
نور زمان، اشعب عرفان اور حمزہ خان پاکستانی اسکواش کا مستقبل ہیں، اور شائقین نیش کپ 2025 میں ان کی کارکردگی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
نیش کپ 2025، PSA ورلڈ ٹور کاپر ایونٹ ہے جس کی کل انعامی رقم 28,750 ڈالر ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 23 سے 27 ستمبر 2025 تک جاری رہے گا جس میں24 مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔



