دیگر سپورٹس

بین الاقوامی آتشبازی مقابلے ; پاکستان نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی

چین میں آتشبازی مقابلوں میں پاکستان کی شاندار کارکردگی، دوسری پوزیشن نام کرلی

چین کے شہر شنگلی میں ہونے والے بین الاقوامی آتشبازی مقابلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

عالمی مقابلے میں دنیا بھر سے اعلیٰ معیار کی ٹیموں نے شرکت کی، تاہم پاکستانی ٹیم “الائیڈ فائر ورکس انٹرنیشنل” نے اپنی تخلیقی سوچ، قومی جذبے اور فنی مہارت کے ذریعے سب کو متاثر کیا۔

پاکستانی ٹیم کے مظاہرے میں پاک چین دوستی کو آتشبازی کے رنگوں اور روشنیوں سے نہایت خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا۔ شو کا سب سے دلکش لمحہ وہ تھا جب آسمان پر جے ایف-17 تھنڈر کی شکل روشنیوں سے ابھری اور حاضرین حیرت و جوش سے جھوم اٹھے۔

یہ مظاہرہ محض تکنیکی مہارت کا نہیں بلکہ پاکستان کے جذبات، دوستی اور تعلقات کا عکاس تھا۔

شو کے دوران پاکستانی موسیقی کی دھنوں نے ماحول کو اور بھی پرجوش کر دیا۔ روشنیوں، رنگوں اور دھنوں کے امتزاج نے حاضرین کو مسحور کر دیا اور دیکھنے والوں نے کھڑے ہو کر پاکستانی ٹیم کو داد دی۔

ججز نے بھی پاکستانی فنکاروں کی جدت اور تخلیقی انداز کو بھرپور سراہا اور دوسری پوزیشن سے نوازا۔

یہ کامیابی پاکستانی فنکاروں کی محنت اور لگن کا ثبوت قرار دی جا رہی ہے۔ “الائیڈ فائر ورکس انٹرنیشنل” نے ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے دنیا کو دکھایا کہ پاکستان نہ صرف فنکارانہ ذوق رکھنے والی قوم ہے بلکہ تخلیقی صلاحیتوں میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر کمپنی کے سی ای او شاہد بٹ نے کہا کہ ان کی کوشش ہمیشہ یہی رہی ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور خوبصورت امیج پیش کیا جائے اور وہ آئندہ بھی اس مشن کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس اعزاز نے پاکستان کے لیے فخر، خوشی اور عالمی شناخت کے ایک نئے باب کا اضافہ کر دیا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!