
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ ; افتخار احمد ، اذان اویس اور سرمد بھٹی کی سنچریاں
محمد عباس اور محمد عزب کی اننگز میں پانچ وکٹیں
اسلام آباد 30 اکتوبر۔ قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے پہلے دن اذان اویس ، سرمد بھٹی اور افتخار احمد نے سنچریاں سکور کیں جبکہ محمد عباس اور محمد عزب نے اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آْباد میں ملتان کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف پہلی اننگز میں 164 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عرفات منہاس نے 45 رنز بنائے۔
محمد عباس نے اپنی شاندار بولنگ کو جاری رکھتے ہوئے 32 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 51 ویں مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
لاہور وائٹس نے کھیل ختم ہونے پر 4 وکٹوں پر 121 رنز بنائے تھے۔علی زریاب آصف 51 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم پشاور کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 320 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔
افتخار احمد نے 19 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے131 رنز بنائے۔ محمد حارث نے 12چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 88 رنز سکور کیے۔ خرم شہزاد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں سیالکوٹ نے ایبٹ آباد کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 322 رنز بنائے تھے۔اذان اویس نے13 چوکوں کی مدد سے 123 رنز سکور کیے۔عبداللہ شفیق نے 62 رنز بنائے۔
عمران خان سٹیڈیم پشاور میں کراچی بلوز بہاولپور کے خلاف پہلی اننگز میں 217 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعد بیگ نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے 73رنز سکور کیے۔اس ٹورنامنٹ میں ان کے رنز کی تعداد 520 ہوگئی ہے۔
عمیر بن یوسف نے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عزب نے 70رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ بہاولپور نے کھیل ختم ہونے پر 5 وکٹوں پر 55 رنز بنائے تھے۔سعد خان 32 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم ایبٹ آباد میں اسلام آباد نے فاٹا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 326 رنز بنائے تھے۔سرمد بھٹی20 چوکوں کی مدد سے 107 اور روحیل نذیر96 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں ۔دونوں پانچویں وکٹ کی شراکت میں 215 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔



