
تھائی لینڈ آئی ٹی ایف ورلڈ ماسٹرز میں پاکستان کے چار سینئر کھلاڑی شرکت کریں گے
لاہور: پاکستان کے چار سینئر ٹینس کھلاڑی, پاکستان کے سینیئر نمبر ون رشید ملک (تمغۂ امتیاز)، وقار نثار، خرم امتیاز اور فروقان الدین خان, آئندہ ماہ تھائی لینڈ کے شہر خاؤ لک میں ہونے والی آئی ٹی ایف ورلڈ ماسٹرز MT200 چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
یہ ایونٹ 6 سے 19 دسمبر 2025 تک جاری رہے گا، جس کے لیے تمام کھلاڑیوں کی اسپانسرشپ بینک آف پنجاب (BoP) نے اپنے ذمّے لی ہے، جو پاکستان میں سینئر ٹینس کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
سابق ڈیوس کپ پلیئر اور کپتان رشید ملک 60+ کیٹیگری میں شرکت کریں گے۔ ان کی حالیہ کامیابیوں میں شامل ہیں: سنگلز چیمپئن MT200 آکسفورڈ (جون 2025), ڈبلز رنر اپ MT200 آکسفورڈ (جون 2025), سنگلز و ڈبلز چیمپئن MT200 لاہور (دسمبر 2024), MT200 دبئی میں 60+ کیٹیگری کے سنگلز و ڈبلز ٹائٹلز (ستمبر 2024), سنگلز و ڈبلز چیمپئن MT400 پٹایا (نومبر 2024).
سینئر پلیئر وقار نثار 70+ کیٹیگری میں میدان میں اتریں گے۔ ان کی نمایاں کامیابیاں: سنگلز چیمپئن (65+) MT200 لاہور (دسمبر 2024), ڈبلز چیمپئن (65+) MT200 لاہور (دسمبر 2024), سنگلز رنر اپ (70+) MT400 دبئی (فروری 2025), ڈبلز چیمپئن (65+) MT400 دبئی (فروری 2025), سنگلز رنر اپ (70+) MT400 نیویارک (جولائی 2025).
خرم امتیاز اور فروقان الدین (55+ کیٹیگری): دونوں قومی و بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کر چکے ہیں اور 55+ کیٹیگری میں پاکستان کے لیے ایک مضبوط امید سمجھے جا رہے ہیں۔ وہ تھائی لینڈ میں MT200 چیمپئن شپ میں مزید اعزازات جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
پیر کو لاہور جمخانہ ٹینس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران چاروں کھلاڑیوں نے بتایا کہ وہ کئی سالوں سے اپنی ذاتی اخراجات پر ملک کی نمائندگی کرتے رہے ہیں، اور بینک آف پنجاب پہلی مرتبہ سینئر کھلاڑیوں کی سرپرستی کیلئے آگے آیا ہے, جو پاکستان میں سینئر ٹینس کے لیے تاریخی قدم ہے۔
انہوں نے پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) سے درخواست کی کہ سینئر ٹینس کی سرپرستی بڑھائی جائے تاکہ کھلاڑی مزید عالمی مقابلوں میں حصہ لے سکیں،
جس سے نوجوان ٹیلنٹ بھی متاثر ہو کر پیشہ ورانہ ٹینس کی طرف راغب ہو۔ کھلاڑیوں نے یہ بھی اپیل کی کہ کارپوریٹ سیکٹر سینئر ٹینس کی ترقی کے لیے ہاتھ بڑھائے، کیونکہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔



