کرکٹ

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے انڈر 19 ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کی ملاقات

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے انڈر 19 ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کی ملاقات

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈر 19 ایشیا کپ کی فاتح ٹیم نے ملاقات کی ہے، جس میں فیلڈ مارشل نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ کامیابی قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے ایشیا کپ مینز انڈر 19 جیتنے پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو شاندار کارکردگی اور تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے ٹیم کے نظم و ضبط، باہمی تعاون اور فائٹنگ اسپرٹ کو سراہتے ہوئے اس کامیابی کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

فیلڈ مارشل نے نوجوان کرکٹرز کی محنت اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں میں موجود بے پناہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو تلقین کی کہ وہ اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھیں اور میدان کے اندر اور باہر ملک کے سفیر بن کر خدمات انجام دیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، جن کی توانائی، صلاحیت اور کردار ملکی ترقی اور عالمی تشخص کو مضبوط بنائیں گے۔

فیلڈ مارشل نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ وہ نظم و ضبط، دیانت داری اور محنت کے ذریعے قومی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔

اس موقع پر انڈر 19 ٹیم کے ارکان نے فیلڈ مارشل کی حوصلہ افزائی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے مزید محنت اور بہتر کارکردگی کا باعث بنے گا

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!