
بھارت: بہار نے لسٹ اے کرکٹ میں 574 رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
نئی دہلی: بھارتی ریاست بہار کی ٹیم نے لسٹ اے کرکٹ میں ایک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 574 رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ ریکارڈ بھارت کے لسٹ اے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ’وجے ہزارے ٹرافی میں بہار کی ٹیم نے اروناچل پردیش کے خلاف میچ میں قائم کیا گیا، جس میں بہار نے مخالف ٹیم پر رنز کے پہاڑ کھڑا کر دیا۔
ویب سائٹ کے مطابق بہار کی ٹیم کی اس تاریخی کامیابی میں ویبھو سوریاونشی اور سوریا ونشی کی دھواں دھار اننگز کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ویبھو سوریاونشی نے صرف 84 گیندوں پر 190 رنز بنائے، جبکہ سوریا ونشی نے 59 گیندوں پر 150 رنز بنا کر نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
بہار کے کپتان ثاقب الغنی نے 40 گیندوں پر 128 رنز اسکور کیے جبکہ ایوش لوہاروکا نے 56 گیندوں پر 116 رنز بنا کر ٹیم کی شاندار جیت میں حصہ ڈالا۔
بھارت کی بہار ٹیم نے مجموعی طور پر 38 چھکے اور 49 چوکے کی مدد سے 574 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا، جو لسٹ اے کی تاریخ میں سب سے بڑا ٹوٹل قرار پایا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2022 میں وجے ہزارے ٹرافی میں تامل ناڈو نے 50 اوورز میں 506 رنز بنا کر ریکارڈ قائم کیا تھا، جسے بہار نے اس زبردست اننگز کے ساتھ پیچھے چھوڑ دیا۔
اس کامیابی نے نہ صرف بہار کی کرکٹ ٹیم کی مہارت کو اجاگر کیا بلکہ بھارتی لسٹ اے کرکٹ کے منظرنامے میں بھی ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا ہے۔
یہ تاریخی کارکردگی کھلاڑیوں کی مہارت، جارحانہ بیٹنگ اور ٹیم ورک کا منہ بولتا ثبوت ہے اور بھارتی کرکٹ میں ایک نیا معیار قائم کرنے کا باعث بنی ہے۔



