فٹ بال

مبینہ مداخلت کے الزامات، پی ایف ایف کانگریس ملتوی،

خیبر پختونخوا کی ایگزیکٹو کمیٹی نشستوں پر انتخاب تعطل کا شکار

مبینہ مداخلت کے الزامات، پی ایف ایف کانگریس ملتوی،

خیبر پختونخوا کی ایگزیکٹو کمیٹی نشستوں پر انتخاب تعطل کا شکار

لاہور: مبینہ مداخلت کے باعث پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی کانگریس میٹنگ ملتوی کر دی گئی، جس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کی پی ایف ایف ایگزیکٹو کمیٹی کی دو نشستوں پر انتخابات مزید تاخیر کا شکار ہو گئے.

ذرائع کے مطابق پی ایف ایف کانگریس کا اجلاس اتوار، 28 دسمبر 2025 کو لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، جس میں پنجاب، سندھ، ریفریز ایسوسی ایشن، خواتین کانگریس اراکین اور ویمن کلبز کے نمائندوں سمیت 12 اراکین شریک تھے۔

اجلاس کا مقصد خیبر پختونخوا کی دو نشستوں پر ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات کرانا تھا، تاہم حاضر کانگرس اراکین کے سنگین الزامات و اعتراضات کے باعث اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس سے قبل سندھ کے نمائندے اعظم خان نے بتایا کہ سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے دو کانگریس اراکین، محمد صدیق اور کفایت اللہ، کو مبینہ طور پر بااثر افراد کے کہنے پر پولیس نے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا،

تاکہ انہیں ووٹنگ کے حق سے محروم رکھا جا سکے۔ سندھ کے وفد نے واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے فیفا اور پی ایف ایف ڈسپلنری کمیٹی سے تحقیقات اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مزید یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ الیکٹورل کانگریس کے روز پی ایف ایف کی جانب سے تمام تر سفری اور رہائشی سہولیات فراہم کیے جانے کے باوجود کئی اراکین کی غیر حاضری نے فیفا کے تعاون سے جاری انتخابی عمل کو نقصان پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق بعض اراکین کو پی ایف ایف کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنے والے افراد اور عہدوں کے خواہشمند عناصر نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کیا۔

ادھر خیبر پختونخوا کے امیدواروں نے بھی اپنے انتخابی حقوق میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے فیفا اور پی ایف ایف سے شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانے کی اپیل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق معاملے پر فیفا کی جانب سے باریک بینی سے جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!