کرکٹ

بنگلادیش کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے بے دخلی پر سری لنکا کا مؤقف سامنے آ گیا

بنگلادیش کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے بے دخلی پر سری لنکا کا مؤقف سامنے آ گیا

ویب ڈیسک: آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کرنے کے معاملے پر بالآخر سری لنکا نے خاموشی توڑ دی ہے۔ آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان یہ تنازع تقریباً تین ہفتوں تک جاری رہا،

جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش کے مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش کے چار میچز بھارت کے شہر کولکتہ میں شیڈول تھے،

تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے مطالبہ کیا تھا کہ یہ میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں۔ بنگلادیشی مؤقف تھا کہ حالیہ واقعات کے بعد کھلاڑیوں کی بھارت میں سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔

بنگلادیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کیے جانے کے فیصلے کو کرکٹ حلقوں میں حیران کن قرار دیا جا رہا ہے۔ کئی کرکٹ ماہرین کے ساتھ ساتھ بھارتی صحافیوں نے بھی اس فیصلے پر تنقید کی ہے اور اسے بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کے دباؤ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ادھر یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس صورتحال کے پیش نظر ورلڈکپ کے بائیکاٹ یا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے پر غور کر سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

اس تمام صورتحال میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اب تک خاموشی اختیار کی گئی تھی، تاہم اب سری لنکا کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے۔

سری لنکا کے کرکٹ سیکریٹری بندولا ڈسا نائیکے نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت، بنگلادیش اور پاکستان کے درمیان تنازع پر سری لنکا غیر جانبدار رہنا چاہتا ہے کیونکہ یہ تینوں ممالک سری لنکا کے دوست ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر سری لنکا سے مستقبل میں کسی ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے کہا گیا تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب سری لنکا کے وزیر کھیل سنیل کمار گمباگے کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی اولین ترجیح ٹورنامنٹ کا کامیاب اور منظم انعقاد ہے، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے انعقاد پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ فروری میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول ہیں۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 6 فروری کو ہوگا جبکہ اختتام 8 مارچ کو متوقع ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!