Gamesدیگر سپورٹس

پانچواں پشاور اوپن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا،

سنسنی خیز فائنلز کے بعد فہد، ریحان، امجد اور زونیرہ ومیر نے چیمپئنز کا تاج سر پر سجایا،

پانچواں پشاور اوپن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا،

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں غنی گلاس اور حیات آباد کمپلیکس انتظامیہ کے تعاون سے منعقد ہونے والا پانچواں پشاور اوپن ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔

سنسنی خیز اور اعلیٰ معیار کے مقابلوں کے بعد مختلف کیٹیگریز کے فاتح کھلاڑیوں نے اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے چیمپئن ٹرافیاں اپنے نام کرلیں، جبکہ اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مہمان خصوصی نے بڑے اعلانات کیئے ۔

حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانیوالے اس ٹورنامنٹ میں مردوں کے اوپن کٹیگری کے فائنل میں فہد نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اریب کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

خواتین کے فائنل میں زونیرہ عمیر نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نووال کو ہرایا اور چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ بوائز کیٹیگری میں ریحان نے عاصم کو زیر کیا، جبکہ ویٹرن کیٹیگری میں امجد نے سخت مقابلے کے بعد ملک اسد کو شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔

ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وین گروپ آف کمپنیز کے قاضی ہارون الرشید تھے۔

اس موقع پر صوبائی محکمہ کھیل کے چیف کوچ شفقت اللہ، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر کفایت اللہ، حیات آباد ٹیبل ٹینس اکیڈمی کے کوچ محمد ابراہیم، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر عابد آفریدی، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، آفیشلز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاضی ہارون الرشید نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل نہ صرف صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں بلکہ نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرکے انہیں مثبت سمت فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کی مختلف کیٹیگریز کے فاتح کھلاڑیوں کے لیے دس، دس ہزار روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا، جس پر شرکاء نے بھرپور انداز میں خیرمقدم کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف کوچ شفقت اللہ اور پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر کفایت اللہ نے ٹورنامنٹ کے آرگنائزر اور کوچ محمد ابراہیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے معیاری مقابلے گراس روٹس سطح پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ کھیل اور صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کا بھی یہی عزم ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے مختلف کیٹیگریز کے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور مہمانان میں خصوصی شیلڈز تقسیم کیں، ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور نقد انعامات کے اعلان کے ذریعے ان کی مزید حوصلہ افزائی کی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!