Category: Games

WordPress is a favorite blogging tool of mine and I share tips and tricks for using WordPress here.

  • پہلی شرکت، نئی تاریخ! عاصم خان نے ایشین گیمز میں پہلا تاریخی میڈل جیت لیا

    پہلی شرکت، نئی تاریخ! عاصم خان نے ایشین گیمز میں پہلا تاریخی میڈل جیت لیا

    پہلی شرکت، پہلا میڈل، نئی تاریخ!🥉
    ‎
    عاصم خان نے ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے پہلا تاریخی MMA میڈل حاصل کر لیا

    پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) کے لیے آج کا دن تاریخ کے سنہرے حروف میں درج ہو گیا ہے۔ ایشین گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عاصم خان نے بالآخر پاکستان کے لیے MMA کا پہلا اور موجودہ ایشین گیمز کا افتتاحی میڈل (کانسی/Bronze) حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

    یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی انتہائی سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے کہ پاکستان نے ایشین گیمز کے مکسڈ مارشل آرٹس مقابلوں میں پہلی بار شرکت کی اور اپنی پہلی ہی پیش قدمی میں قومی پرچم سر بلند کر دیا۔

    ‎پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PMMAF) کے صدر ذوالفقار علی نے عاصم خان کو اس بے مثال اور تاریخی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا:

    “آج کا دن نہ صرف پاکستان MMA بلکہ قومی اسپورٹس کی تاریخ میں ایک یادگار دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ عاصم خان نے اپنے بے مثال عزم، مسلسل محنت اور شاندار تکنیکی صلاحیتوں سے عالمی سطح پر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ یہ تاریخی کامیابی محض ایک فیڈریشن کی نہیں، بلکہ پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔”

    انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا: “یہ میڈل ہمارے ایتھلیٹس کی سالہا سال کی ان تھک محنت، منظم تربیت اور درست حکمتِ عملی کا بیّن ثبوت ہے۔ تاہم، ہماری یہ پیشرفت صرف میدانِ کھیل تک محدود نہیں رہی— الحمدللہ، جہاں عاصم خان نے ایتھلیٹ کے طور پر پاکستان کو میڈل دلایا اور ہماری کوچنگ ٹیم نے شاندار رہنمائی کی،

    وہیں آفیشلی و ٹیکنیکل شعبے میں ہمارے سینئر آفیشل ابو ہریرہ کو ایشین مکسڈ مارشل آرٹس ایسوسی ایشن (AMMA) کی جانب سے ایشیا کے برتر ریفریز میں شمار کرتے ہوئے ایشین گیمز کے لیے نامزد کیا گیا، جنہوں نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیے۔ یہ تمام پہلو پاکستان MMA کے ہمہ گیر استحکام کو ظاہر کرتے ہیں۔”

    صدر PMMAF نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (POA) کے صدر محمد عارف سعید، سیکریٹری جنرل محمد خالد محمود، پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) اور تمام متعلقہ بالادست اداروں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ان تمام اداروں کی جانب سے سرپرستی اور مواقع کی فراہمی ہی کے باعث قومی ٹیم ایشین گیمز جیسے عالمی و قاری سطح کے ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کے قابل ہوئی۔

    مستقبل کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے ذوالفقار علی نے اعادہ کیا:
    ‎“میں پورے اعتماد کے ساتھ یہ بات کہتا ہوں کہ پاکستان میں MMA کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔ اگر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور دیگر ادارے ہمارے ایتھلیٹس کی سرپرستی اور معاونت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں، تو ہم یقین دلاتے ہیں کہ ان شاء اللہ مستقبل میں اس سے بھی بڑے اور شاندار نتائج قوم کی جھولی میں ڈالیں گے۔”

    عاصم خان: “یہ کامیابی تمام اہلؚ وطن کے نام” تاریخ ساز میڈل جیتنے والے قومی ہیرو عاصم خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “میں اپنی اس تاریخی کامیابی کو تمام پاکستانی قوم کے نام کرتا ہوں۔ میں ان تمام ہم وطنوں کا تہہ دل سے ممنون ہوں جن کی دعائیں اور حوصلہ افزائی ہر قدم پر میرے ساتھ رہیں۔”

    عاصم خان نے PMMAF کی قیادت کا بالخصوص شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: “میں فیڈریشن اور بالخصوص صدر ذوالفقار علی کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر کامل اعتماد کیا اور ایشین گیمز جیسے بین الاقوامی اسٹیج پر ملک کی نمائندگی کا موقع دیا۔

    اللہ تعالی نے ہماری محنت کو عزت بخشی۔ مجھے امید ہے کہ اس کامیابی کے بعد ہمارے کھلاڑیوں کو مزید سہولیات اور سپورٹ میسر آئے گی تاکہ ہم عالمی سطح پر مزید افتخار حاصل کر سکیں۔”

  • 20ویں ایشین گیمز کا باقاعدہ آغاز، 45 ممالک کے 11 ہزار سے زائد ایتھلیٹس شریک

    20ویں ایشین گیمز کا باقاعدہ آغاز، 45 ممالک کے 11 ہزار سے زائد ایتھلیٹس شریک

    جاپان میں 20ویں ایشین گیمز کا باقاعدہ آغاز، 45 ممالک کے 11 ہزار سے زائد ایتھلیٹس شریک

    ناگویا: جاپان کے شہر ناگویا میں 20ویں ایشین گیمز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس میں ایشیا کے مختلف ممالک کے دستوں نے شرکت کی۔

    ایشین گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاری رہیں گے جن میں 45 ممالک کے 11 ہزار سے زائد ایتھلیٹس 43 کھیلوں کے 469 مقابلوں میں حصہ لیں گے جبکہ مجموعی طور پر 1407 تمغے کھلاڑیوں میں تقسیم ہوں گے۔

    ایشین گیمز افتتاحی تقریب پالوما میزہو اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی

    جس میں شریک ممالک کے قومی پرچم لہرائے گئے،افتتاحی تقریب میں جاپان کے شہنشاہ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی، تقریب کا مرکزی موضوع ”امیجائن ون ایشیا“ رکھا گیا۔

    تقریب کے بعد مختلف ممالک کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، افغانستان نے سب سے پہلے میدان میں قدم رکھا جبکہ جاپان، سعودی عرب، بحرین، قطر، بھارت، پاکستان، سری لنکا اور فلسطین سمیت دیگر ممالک کے دستے بھی شریک ہوئے۔

  • سندھ حکومت کا ’’کھیل سب کے لیے‘‘سندھ اسپورٹس پالیسی 2026ء صوبے بھر میں نافذ کرنے کا اعلان

    سندھ حکومت کا ’’کھیل سب کے لیے‘‘سندھ اسپورٹس پالیسی 2026ء صوبے بھر میں نافذ کرنے کا اعلان

    سندھ حکومت کا ’’کھیل سب کے لیے‘‘سندھ اسپورٹس پالیسی 2026ء صوبے بھر میں نافذ کرنے کا اعلان

    کراچی ; سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان سندھ منور علی مہیسر نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ اسپورٹس پالیسی 2026ء صوبے بھر میں نافذ العمل ہوچکی ہے،

    جو صوبے میں کھیلوں کی ترقی کے لیے ایک جامع فریم ورک ثابت ہوگی۔

    پالیسی کا بنیادی مقصد ’’کھیل سب کے لیے‘‘ کے اصول کے تحت کھیلوں کو ہر فرد تک پہنچانا اور گراس روٹ لیول سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے. سندھ اسپورٹس پالیسی 2026ء کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ اسپورٹس پالیسی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کا ویژن تھا،

    آئین کی 18ویں ترمیم کے تحت سندھ حکومت کو کھیلوں کے شعبے میں قانون سازی کا اختیار حاصل ہے۔ پالیسی کے تحت گراؤنڈز کی تعمیر و بحالی، کھلاڑیوں کے لیے ویلفیئر پروگرامز اور کھیلوں کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ 7 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ضلعی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا، جبکہ کھیلوں کو گراس روٹ لیول تک وسعت دی جائے گی۔ سندھ کے ہر ڈویژن میں ملٹی پرپز اسپورٹس کمپلیکس، اکیڈمیز اور اسپورٹس سٹی قائم کیے جائیں گے،

    جبکہ ضلعی سطح پر بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کو وسیع کیا جائے گا۔سیکریٹری کھیل نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں جسمانی تعلیم (Physical Education) اور کھیلوں میں شرکت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    سندھ میں اسپورٹس سائنس سینٹرز، بائیو مکینکس لیبز اور اینٹی ڈوپنگ سسٹم قائم کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

    منور علی مہیسر نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ماہانہ وظائف، تعلیمی وظائف اور انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ خواتین، اسپیشل ایتھلیٹس اور پنک گیمز کے فروغ کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

    سندھ سمیت وفاقی سطح پر نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی محکمہ کھیل کی جانب سے پروموٹ اور سپورٹ کیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ اولمپک اور نان اولمپک کھیلوں کو پالیسی میں شامل کیا گیا ہے،

    جبکہ ای اسپورٹس، روایتی، ثقافتی اور جدید کھیلوں کو بھی یکساں فروغ دیا جائے گا۔ سندھ کی قدیم تہذیب موئن جو دڑو سے بھی کھیلوں کے آثار ملے ہیں، جو اس خطے میں کھیلوں کی قدیم روایت کی عکاسی کرتے ہیں۔

    رنگ، نسل، تہذیب اور مذہب سے بالاتر ہوکر کھیلوں کو فروغ دینا حکومت کی ترجیح ہے. سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ اسپورٹس بورڈ کو مزید فعال کیا جا رہا ہے اور بورڈ میں اصلاحات و بحالی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سندھ اسپورٹس بورڈ کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ بورڈ کا پہلا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا، جس میں ملازمین اور انتظامی امور سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی تنظیموں اور اسپورٹس ایسوسی ایشنز میں شفافیت اور میرٹ کے لیے الیکشن اور ریگولیشنز متعارف کرائے گئے ہیں۔ پرائیویٹ اسپورٹس کلبز کو بھی اسپورٹس گورننس کے دائرے میں لایا جائے گا اور تمام کلبز، گراؤنڈز اور متعلقہ سہولیات کی رجسٹریشن کی جائے گی.

    منور علی مہیسر نے کہا کہ جن اسپورٹس ایسوسی ایشنز کو سرکاری بجٹ فراہم کیا جائے گا، انکی سرگرمیوں اور فنڈز کے استعمال کی بھی نگرانی کی جائے گی۔ فنڈز کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا،

    جبکہ سندھ کے ہر شہر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کھیلوں کے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آنر پلیئر پالیسی کے تحت باصلاحیت کھلاڑیوں کو مختلف سرکاری محکموں میں مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ سرکاری کوٹے کے تحت کھلاڑیوں کو ملازمتیں بھی دی جائیں گی۔

    کھلاڑیوں کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ ترتیب دیا جا رہا ہے، جس میں اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے ضوابط بھی شامل ہوں گے۔سیکریٹری کھیل نے کہا کہ حکومت کا ہدف 2040 تک کھیلوں کے شعبے کو مزید فروغ دینا ہے۔

    جاپانی حکومت سندھ کے ساتھ رابطے میں ہے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے تعاون میں دلچسپی رکھتی ہے۔ پہلے مرحلے میں اسپورٹس ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے.

    انہوں نے مزید کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے بعض مقابلے سندھ میں کرانے کے لیے بھی کوششیں کی گئی ہیں، جبکہ اسپورٹس پالیسی کے تحت مخصوص رقبے کے اندر کھیلوں کی بنیادی سہولیات کی دستیابی ضروری ہوگی.

    اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس سندھ اسد اسحاق نے کہا کہ سندھ اسپورٹس پالیسی صوبائی وزیرِ کھیل سردار محمد بخش مہر کا وژن تھا۔ سندھ حکومت نے پالیسی کی منظوری دے دی ہے اور تمام اسپورٹس کلبز، گراؤنڈز اور متعلقہ سہولیات کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

  • ایشین گیمز میں سافٹ ٹینس کے بعد مزید کئی من پسند کھلاڑی جاپان بھجوانے کا انکشاف

    ایشین گیمز میں سافٹ ٹینس کے بعد مزید کئی من پسند کھلاڑی جاپان بھجوانے کا انکشاف

    ایشین گیمز میں سافٹ ٹینس کے بعد مزید کئی من پسند کھلاڑی جاپان بھجوانے کا انکشاف

    سپرنٹر فائقہ ریاض اولمپکس،کامن ویلتھ گیمز میں ناقص پرفارمنس کے باوجود پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلی عہدیدار کی "آشیر باد” سے قومی دستے میں جگہ بنانے میں کامیاب

    پاکستان میں ٹرائی تھلون فیڈریشن کا کوئی وجود نہیں تاہم اس کا سات رکنی دستہ ایشین گیمز جاپان میں شرکت کر رہا ہے

    ٹیبل ٹینس،لان ٹینس میں عمر رسیدہ” ینگ کھلاڑی” بھی قومی دستے میں شامل،کھلاڑیوں کا انتخاب ذاتی پسند نہ پسند سے بغیر ٹرائلز کے کیا گیا

    لاہور (پریس نیٹ ورک آف پاکستان،پی این پی) ایشین گیمز میں شرکت کرنے والے قومی دستے میں سافٹ ٹینس کے بعد مزید کئی کھیلوں میں من پسند کھلاڑیوں کی شمولیت کا انکشاف ہوا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق اولمپک، کامن ویلتھ اور بیچ گیمز میں ناقص پرفارمنس والی سپرنٹر فائقہ ریاض پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ایک اعلی عہدیدار کی آشیر باد سے ایشین گیمز کا ٹکٹ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہیں

    جبکہ ٹرائی تھلون کی فیڈریشن کا ملک میں وجود نہ ہونے کے باوجود سات رکنی ٹیم بھی جاپان پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیبل ٹینس اور لان ٹینس میں عمر رسیدہ مرد و خواتین ” ینگ کھلاڑی” بھی قومی دستے میں شامل کئے گئے ہیں۔

    پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ فائقہ کی ناقص کارکردگی کے باعث خولہ خان کا نام ایشین گیمز کیلئے تجویز کیا گیا تھا تاکہ مزید کھلاڑیوں کو بھی انٹرنیشنل ایونٹس کا تجربہ دیا جاسکے

    لیکن پی او اے کے عہدیدار نے اپنے ایماء پر زبردستی فائقہ ریاض کا نام ایشین گیمز میں شامل کروایا جبکہ کسی بھی ایونٹ میں کھلاڑی کا نام تجویز کرنا متعلقہ فیڈریشن کی صوابدید ہے۔

    ٹیبل ٹینس کی دس رکنی ٹیم میں 55 سالہ "نوجوان کھلاڑی” نوشین اسلم بھی شامل ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں کا انتخاب بھی مبینہ طور پر ٹرائلز کے بغیر کیا گیا ہے۔

    سب سے مضحکہ خیز کام ٹینس فیڈریشن نے کیا جس کے صدر اعصام الحق کسی نئے کھلاڑی کو موقع دینے کی بجائے بطور کھلاڑی دستے میں شامل ہوگئے۔ ان کے علاوہ عمر رسیدہ عقیل خان بھی قومی دستے کا حصہ ہیں۔

    مذکورہ بالا دونوں کھلاڑی اپنی جوانی میں بھی کبھی میڈل نہ جیت سکے تاہم پاکستان سپورٹس بورڈ کی سیلف فنانس سکیم کا فائدہ اٹھا کر جاپان یاترا کا حصہ بن گئے۔

  • اولمپیاڈ سمرقند 2026: پاکستان نے اسرائیل کے خلاف شطرنج میچ کا بائیکاٹ کردیا

    اولمپیاڈ سمرقند 2026: پاکستان نے اسرائیل کے خلاف شطرنج میچ کا بائیکاٹ کردیا

    اولمپیاڈ سمرقند 2026: پاکستان نے اسرائیل کے خلاف شطرنج میچ کا بائیکاٹ کردیا

    سمر قند: ازبکستان کے شہر سمرقند میں جاری اولمپیاڈ سمرقند 2026 میں پاکستان نے اسرائیل کے خلاف شطرنج کا میچ کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے بائیکاٹ کردیا۔

    پاکستان اور اسرائیل کے درمیان شطرنج کا مقابلہ آج شیڈول تھا، تاہم پاکستان نے حکومتی پالیسی کے تحت اسرائیلی ٹیم کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔

    صدر چیس فیڈریشن آف پاکستان ذیشان علی نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اسرائیل کے حوالے سے واضح پالیسی ہے، حکومتی پالیسی کے خلاف اسرائیل سے میچ نہیں کھیل سکتے۔ اسرائیل کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا ہے۔

    ازبکستان میں منعقد ہونے والے شطرنج کے عالمی ایونٹ میں دنیا بھر سے 203 ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ ازبکستان میں منعقدہ شطرنج کے عالمی ایونٹ میں دنیا بھر سے 203 ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ سمرقند اولمپیاڈ میں پاکستانی شطرنج ٹیم کی رینکنگ غالباً سب سے نیچے چلی گئی ہے۔

    یہ چیس اولمپیاڈ “سوئس سسٹم” کے تحت کھیلا جاتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پہلے راؤنڈ میں ہارنے کی وجہ سے پاکستان کا اگلا میچ دوسرے راؤنڈ میں کسی ایسی ہی ٹیم سے ہوگا جو اپنا پہلا میچ ہار چکی ہوگی۔ تاہم پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوا، وہ اگلے راؤنڈز کھیل سکتا ہے۔

    پاکستان کی شطرنج ٹیم کی بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی ریٹنگز دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔

    پاکستانی ٹیم کے ٹاپ کھلاڑیوں، جیسے کہ ایف ایم تنویر گیلانی کی کلاسیکل فائیڈ (ایف آئی ڈی ای) ریٹنگ عام طور پر 2000 سے 2250 کے درمیان ہوتی ہے۔ باقی کھلاڑی رینکنگ میں اس سے بھی پیچھے ہیں۔

    چیس اولمپیاڈ میں مجموعی طور پر 180 سے زائد ممالک شرکت کرتے ہیں اور پاکستان کی ابتدائی سیڈنگ عام طور پر 100 سے نیچے ہوتی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں پہلے راؤنڈ میں اسرائیل کو واک اوور دینے کی وجہ سے پاکستان کو 0-4 کی تکنیکی شکست ہوئی ہے۔

    پاکستان اب دوسرے راؤنڈ میں اپنے ہی جتنے پوائنٹس (یعنی صفر پوائنٹس) والی کسی کم ریٹنگ کی ٹیم سے کھیلے گا۔ پاکستان کے پاس اگلے راؤنڈز جیت کر مڈل ٹیبل میں اچھی پوزیشن حاصل کرنے کے امکانات اب بھی موجود ہیں لیکن وہ ٹاپ 20 یا 30 پوزیشنز کی دوڑ سے باہر رہے گا۔

  • آل خیبرپختونخوا موئے تھائی چیمپئن شپ پشاور ریجن نے ٹرافی اپنے نام کرلی

    آل خیبرپختونخوا موئے تھائی چیمپئن شپ پشاور ریجن نے ٹرافی اپنے نام کرلی

    آل خیبرپختونخوا موئے تھائی چیمپئن شپ پشاور ریجن نے ٹرافی اپنے نام کرلی

    پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) پشاور میں منعقدہ 20ویں آل خیبرپختونخوا موئے تھائی چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی، صوبے کے مختلف اضلاع اور ڈویڑنز سے بڑی تعداد میں کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

    سنسنی خیز مقابلوں کے بعد پشاور نے پہلی، مالاکنڈ نے دوسری، مردان نے تیسری جبکہ کوہاٹ ڈویڑن نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

    چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان موئے تھائی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل میاں ریحان تھے، جنہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں پوزیشن میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں، جبکہ ایونٹ کے آفیشلز کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

    اس موقع پر خیبرپختونخوا موئے تھائی ایسوسی ایشن کے صدر الیاس آفریدی، سیکرٹری جنرل عنایت اللہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح صوبائی محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاو ¿نٹس شاہ فیصل نے کیا تھا۔

    اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان موئے تھائی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل میاں ریحان نے کہا کہ صوبے میں موئے تھائی کے فروغ اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنا خوش آئند ہے۔

    انہوں نے کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے مقابلوں کے ذریعے مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر صوبے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

    خیبرپختونخوا موئے تھائی ایسوسی ایشن کے صدر الیاس آفریدی نے بھی خطاب کرتے ہوئے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں، آفیشلز اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن صوبے میں موئے تھائی کے فروغ، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔

    چیمپئن شپ کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں اور نمایاں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین اور آفیشلز کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

  • معذور بچوں کو ٹریڈیشنل تائیکوانڈو کھیل سکھائیں گے: سید علی عمران

    معذور بچوں کو ٹریڈیشنل تائیکوانڈو کھیل سکھائیں گے: سید علی عمران

    معذور بچوں کو ٹریڈیشنل تائیکوانڈو کھیل سکھائیں گے: سید علی عمران

    ماہر کوچز، فزیو تھراپسٹ ،سپورٹس سائیکالوجسٹس کی مدد سے پیرا ایتھلیٹ کی صلاحیتیں نکھاریں گے

    پیرا ایتھلیٹ کی کھیل کے میدان میں حوصلہ افزائی ان کی زندگی میں انقلاب برپا کر سکتی ہے: تقریب سے خطاب

    اسلام آباد( سپورٹس لنک رپورٹ) گلوبل ٹریڈیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید علی عمران نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان میںمعذور کھلاڑیوں (پیرا ایتھلیٹس) کی حوصلہ افزائی کرنے سے ان میں اعتماد آتا ہے ،

    جب انہیں داد تحسین ملتی ہے تو ان کا یہ یقین پختہ ہوتا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں، یہ حوصلہ افزائی انہیں زندگی کی دیگر رکاوٹوں کا سامنا کرنے کا حوصلہ دیتی ہے،

    کھیلوں کے ذریعے معذور افراد کو معاشرے کا ایک اہم اور فعال حصہ بننے کا موقع ملتا ہے،یہ عمل معاشرے میں موجود اس سوچ کو ختم کرتا ہے کہ معذور افراد دوسروں پر بوجھ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تائیکوانڈو کھیل کے سابق پلیئر سید علی عمران نے کہا کہ گلوبل ٹریڈیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن پاکستان معذور کھلاڑیوں (پیرا ایتھلیٹس) کو کھیل کی تمام سہولیات فراہم کرکے صحت مندانہ سرگرمیوں میں شرکت کے قابل بنائے گی،

    معذورتائیکوانڈو پلیئرز کو کھیل کی تمام سہولیات فراہم کرکے گروم کریں گے ،پیرا اسپورٹس کی تربیت رکھنے والے ماہر کوچز، فزیو تھراپسٹ اور اسپورٹس سائیکالوجسٹس کی مدد سے ان پیرا ایتھلیٹس کی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جائے گا،

    ابتدائی سطح سے استعداد ابھارنے کیلئے سکولوں اور اضلاع کی سطح پر پیرا اسپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامزشروع کریں گے ،ان اقدامات کی بدولت معذور افراد نہ صرف بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں

    بلکہ معاشرے میں ایک خود مختار اور فعال زندگی بھی گزار سکتے ہیں۔گلوبل ٹریڈیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید علی عمران نے کہا کہ جب ایک معذور کھلاڑی کھیل کے میدان میں کامیابی حاصل کرتا ہے تو وہ لاکھوں ایسے دوسرے افراد کیلئے امید کی کرن بن جاتا ہے

    جو زندگی میں مایوسی کا شکار ہوتے ہیں،معذور کھلاڑیوں کی کھیل کے میدان میں حوصلہ افزائی نہ صرف ان کی ذاتی زندگی میں مثبت انقلاب لاتی ہے بلکہ پورے معاشرے میں مساوات اور شمولیت کا ماحول قائم کرتی ہے۔

    جب خصوصی صلاحیتوں کے حامل ان کھلاڑیوں کو مساوی مواقع اور پذیرائی ملتی ہے تو وہ اپنی معذوری کو مجبوری کے بجائے طاقت میں بدل دیتے ہیں،

    کھیل کا میدان معذور افراد کو یہ احساس دلاتا ہے کہ وہ معاشرے کا ایک فعال اور کارآمد حصہ ہیں،مناسب حوصلہ افزائی سے ان کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ زندگی کی دیگر رکاوٹوں کا مقابلہ بھی ہمت سے کرتے ہیں،

    جب معذور کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو سراہا جاتا ہے تو عوام کا رویہ محض ”ہمدردی“کے بجائے ”احترام اور تحسین“میں بدل جاتا ہے۔ سید علی عمران نے کہا کہ معذور بچوں کو کھیل کے میدان میں لانا ان کی جسمانی، ذہنی اور سماجی نشوونما کیلئے بہت ہی ضروری ہے ،

    کھیلوں کی سرگرمیاں ان بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور انہیں معاشرے کا ایک فعال فرد بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں،کھیل کے ذریعے معذور بچوں میںذہنی تناو ¿ کم اور مثبت سوچ پیدا ہوتی ہے،میدان میں شرکت سے معذوربچوں میں تنہائی کا احساس ختم ہوتا ہے اور وہ خود کو معاشرے کے دیگر افراد کے برابر سمجھتے ہیں۔

  • دنیا کے 100 بہترین اسپورٹس شہروں کی فہرست جاری ، نیویارک کا پہلا نمبر

    دنیا کے 100 بہترین اسپورٹس شہروں کی فہرست جاری ، نیویارک کا پہلا نمبر

    دنیا کے 100 بہترین اسپورٹس شہروں کی فہرست جاری

    دنیا کے 100 بہترین اسپورٹس شہروں کی فہرست میں امریکی شہر نیویارک پہلے نمبر پر رہا۔ سوئس ادارے برسن کی جانب سے سال 2026 کے لیے اسپورٹس سٹیز رینکنگ میں پیرس دوسرے اور لاس اینجلس تیسرے نمبر پر ہے۔

    برسن رینکنگ میں دنیا کے کھیلوں سے مضبوط تعلق رکھنے والے 100 شہروں کو شامل کیا گیا ہے لیکن فہرست میں پاکستان کا کوئی بھی شہر شامل نہیں ہے۔

    اسپورٹس سٹیز رینکنگ میں ماہرین، اسپورٹس میڈیا اور عالمی کھیلوں کے رہنماؤں کی آرا شامل کی گئیں، رینکنگ میں سوشل میڈیا اور میڈیا کوریج کے تجزیے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    پیرس مسلسل تین سال نمبر ایک رہنے کے بعد 2026 کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر چلا گیا جبکہ نیویارک نے گزشتہ رینکنگ میں تیسرے نمبر سے ترقی کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

    نیویارک کی رینکنگ میں بہتری کی بڑی وجوہات میں این بی اے چیمپئن شپ اور فیفا ورلڈ کپ فائنل شامل ہیں۔ عالمی اسپورٹس شہروں کی رینکنگ میں لندن چوتھے اور میڈرڈ پانچویں نمبر پر ہے۔

    اس فہرست میں بارسلونا چھٹے، میلان ساتویں اور لوزان آٹھویں نمبر پر موجود ہے جبکہ مانچسٹر 10ویں، واشنگٹن 11ویں اور میامی کا 12واں نمبر ہے۔

    ٹوکیو 16ویں، سڈنی 24ویں اور دبئی 29ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ممبئی 51ویں، نئی دہلی 65ویں اور ریاض 68ویں نمبر پر ہے، کیپ ٹاؤن 85ویں، جدہ 98ویں اور ساپورو 99ویں نمبر پر موجود ہے۔

  • ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ چیمپئن شپ، ارشد ندیم میڈل جیتنے میں ناکام،

    ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ چیمپئن شپ، ارشد ندیم میڈل جیتنے میں ناکام،

    ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ چیمپئن شپ، ارشد ندیم مقابلے سے باہر

    پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم ورلڈ الٹیمیٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو مقابلے میں میڈل حاصل کرنے میں ناکام ہو گئے۔

    جیولن تھرو کے مقابلوں میں دنیا کے ٹاپ 8 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

    پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پہلے راؤنڈ میں 74.42 میٹر کی تھرو کی، تاہم جرمنی کے کھلاڑی جولین نے 85.89 اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 89.18 میٹر کی تھرو کی۔

    دوسری کوشش میں ارشد ندیم نے 79.66 میٹر تھرو کی اور ٹیرینیڈاڈ کے والکوٹ نے 85.41 میٹر کی تھرو کی۔

    تیسری کوشش میں بھی ارشد ندیم کی تھرو 81.79 میٹر رہی، جو رواں سیزن میں ان کی بہترین تھرو تھی، تاہم یہ کارکردگی انہیں میڈل کی دوڑ میں برقرار رکھنے کے لیے کافی ثابت نہ ہوسکی۔ اور وہ پانچویں نمبر پر رہے۔

    رواں سیزن کی بہترین تھرو کرنے کے باوجود ارشد ندیم عالمی چیمپئن شپ میں میڈل حاصل نہ کرسکے۔ سری لنکا کے رومیش پاتھیر اگے جیولن تھرو کے الٹیمیٹ چیمپئن بن گئے۔

    واضح رہے کہ ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے بعد جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں ہونے والی ایشین گیمز میں حصہ لیں گے۔ گزشتہ ایشین گیمز میں فٹنس مسائل کی وجہ سے فائنل سے ایک روز پہلے وہ ایونٹ سے دستبردار ہوگئے تھے۔

  • پہلی مرتبہ تین پاکستانی بہنیں ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی

    پہلی مرتبہ تین پاکستانی بہنیں ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی

    پہلی مرتبہ تین پاکستانی بہنیں ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی

    سکواش میں 3 پاکستانی بہنوں نے منفرد اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ مہوش علی، سحرش علی اور ماہ نور علی ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

    تینوں بہنیں ایک ساتھ ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کرنے پرانتہائی پُرجوش ہیں۔

    سکواش سسٹرز کاکہنا ہےکہ پہلی مرتبہ ایشین گیمز میں تینوں بہنوں کا ایک ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرنا ہمارے لیے فخر اور اعزاز کا لمحہ ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور ساتھ پریکٹس بھی کرتی ہیں،

    جس کا کھیل میں ہمیں فائدہ ہوتا ہے۔ ایشین گیمز میں شرکت سے ہمیں بڑے ایونٹ کا تجربہ حاصل ہو گا جو مستقبل میں ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔

error: Content is protected !!