دورہ انگلینڈ میں بابر اعظم کو میڈیا سے دور رکھا جائے، راشد لطیف کا پی سی بی کو مشورہ
قومی ٹیم انگلینڈ کیخلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے لیڈز میں کھیلے گی

دورہ انگلینڈ میں بابر اعظم کو میڈیا سے دور رکھا جائے، راشد لطیف کا پی سی بی کو مشورہ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے دورہ انگلینڈ کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو انگلش میڈیا سے کم سے کم سامنا کرانے کا مشورہ دے دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کو ایسی حکمت عملی اپنانی چاہیے جس کے تحت بابر اعظم کا انگلش میڈیا سے کم سے کم سامنا ہو۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ ہمیشہ مشکل ہوتا ہے اور وہاں کا میڈیا بعض اوقات مہمان ٹیم کو غیر ضروری خبروں اور معاملات میں الجھانے کی کوشش کرتا ہے، اس لیے بابر اعظم کے معاملے میں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔
راشد لطیف نے تجویز دی کہ سابق کپتان شان مسعود کو زیادہ تر انگلش میڈیا کے سامنے بھیجا جائے، کیونکہ وہ انگلینڈ میں کرکٹ کھیل چکے ہیں اور وہاں کے میڈیا سے گفتگو کا بہتر تجربہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شان مسعود کے علاوہ امام الحق اور محمد عباس بھی میڈیا کے لیے اچھے انتخاب ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ پہنچ چکی ہے۔ قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلے گی۔



