کرکٹ

سہ فریقی ون ڈے سیریز: پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دیدی

سلمان آغا کی شاندار سنچری، شاہین شاہ آفریدی 3 جبکہ نسیم شاہ ، حارث رؤف اور فہیم اشرف کی 2، 2 وکٹیں

سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ، سلمان علی آغا کی دھواں دار سنچری،

پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے ہرا دیا

راولپنڈی ; پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔ٹرائی سیریز کا پہلا معرکہ پاکستان کے نام!

سلمان علی آغا کی دھواں دار سنچری نے گرین شرٹس کو 305 رنز تک پہنچایا، پھر پاکستانی بولرز نے سری لنکا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور قومی ٹیم نے 37 رنز سے میدان مار لیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 305 رنز بنائے،

جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 268 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔  پاکستان کی کامیابی میں سلمان علی آغا کی شاندار سنچری اور شاہین شاہ آفریدی سمیت بولرز کی عمدہ کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پاکستانی ٹیم نے 49 اعشاریہ 5 اوورز میں 305 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز نے قومی ٹیم کو بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

بابر اعظم 45، ڈیبیو کرنے والے سعد بیگ 39 اور حسن نواز 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ عرفات منہاس نے 18، فخر زمان نے 16 اور صائم ایوب نے 7 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے 3 اور دلشن مدوشنکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 48 اعشاریہ 1 اوورز میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے پون رتھنائیکے نے 79 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جبکہ جنیتھ لیاناگے 60 اور کمیندو مینڈس 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

تاہم پاکستانی بولرز نے اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کو ہدف تک پہنچنے سے روک دیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ میں پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو بھی کیا۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پاکستان ٹاس جیتتا تو وہ بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتا۔ ان کے مطابق ٹیم کی کوشش تھی کہ 300 رنز کا مجموعہ حاصل کیا جائے۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے تین ملکی سیریز میں دو قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کی جانب پیش قدمی کی۔ ایونٹ میں پاکستان اور سری لنکا کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم بھی شریک ہے، جبکہ پاکستانی ٹیم کی جانب سے سعد بیگ کا ون ڈے ڈیبیو بھی اس میچ کا اہم پہلو رہا۔

واضح رہے کہ پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک کھیلی جا رہی ہے۔ سات میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں چھ لیگ میچز اور ایک فائنل شامل ہے، جبکہ تمام مقابلے راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 25 اکتوبر کو ہونے والا میچ چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے بھی مخصوص کیا گیا ہے۔سری لنکا کے خلاف اس کامیابی سے پاکستان نے سہ ملکی سیریز میں اپنے عزائم واضح کردیے ہیں،

اب دیکھنا یہ ہے کہ قومی ٹیم اگلے میچز میں بھی اپنی بیٹنگ اور بولنگ کی اس کارکردگی کو برقرار رکھ پاتی ہے یا نہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!