کرکٹ

ٹرائی نیشنز سیریز، گرین شرٹس کی فتوحات کا سلسلہ جاری، انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست

اسپنر نے شاندار 59 رنز بنانے کیساتھ 6 وکٹیں حاصل کیں، حسن نواز کی 79 رنز کی عمدہ اننگز

ٹرائی نیشنز سیریز، گرین شرٹس کی فتوحات کا سلسلہ جاری، انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست

 راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 39ویں اوور میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی کامیابی میں اسپنر عرفات منہاس نے اہم کردار ادا کیا،

جنہوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز بنائے اور پھر تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کرلیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے، جس کے جواب میں انگلش ٹیم 39ویں اوور میں 215 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بیٹرز نے ابتدائی مشکلات کے باوجود ٹیم کو 300 رنز سے زائد کے مجموعے تک پہنچایا۔پاکستانی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی ہی گیند پر فخر زمان گس اٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔

صائم ایوب بھی صرف 8 رنز بنا کر سونی بیکر کا شکار ہوگئے، جبکہ بابر اعظم 34 رنز بنانے کے بعد ول جیکس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد حسن نواز اور عرفات منہاس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔

حسن نواز نے 74 گیندوں پر 79 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ عرفات منہاس نے 58 گیندوں پر 59 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔دیگر بیٹرز میں سعد بیگ نے 35، فہیم اشرف نے 39 اور سلمان علی آغا نے 16 رنز بنائے۔

اختتامی لمحات میں شاہین آفریدی کے 10 اور حارث رؤف کے 4 رنز کی بدولت پاکستان مقررہ اوورز میں 302 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس اٹکنسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی۔

ٹام بینٹن نے 57 رنز بنا کر مزاحمت کی، جبکہ بین ڈکٹ نے 45 اور جو روٹ نے 33 رنز اسکور کیے۔ سیم کرن 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم دیگر بیٹرز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے شاندار اسپن بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔ حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ کے خلاف دوسری کامیابی کے بعد قومی ٹیم نے سیریز میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کرلی ہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ اور پھر شاندار بولنگ کی بدولت انگلینڈ کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دے دی، جبکہ عرفات منہاس کی آل راؤنڈ کارکردگی میچ کا نمایاں پہلو رہی۔ قومی ٹیم اب مسلسل دو فتوحات کے ساتھ سہ ملکی ون ڈے سیریز میں اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، سعد بیگ، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔

تاریخی کارنامہ
یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں صرف تیسرا موقع ہے جب کسی کھلاڑی نے ایک ہی ون ڈے میچ میں نصف سنچری اور 5 وکٹیں حاصل کی ہوں۔ عرفات سے پہلے یہ کارنامہ صرف شاہد آفریدی اور عبدالرزاق نے انجام دیا تھا۔

اس شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر عرفات منہاس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ پاکستان ٹرائی سیریز میں 2 میچوں میں 2 فتوحات کے ساتھ سرفہرست ہے۔

سیریز کا اگلا میچ 22 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جبکہ لاہور میں 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ لاہور میں ہو گا، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ ہو گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!