
آسٹریلیا نے آئندہ برس وائٹ بال سیریز کیلئے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی
کرکٹ آسٹریلیا کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹوڈ گرین برگ نے ایک آن لائن پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ ایک اور کامیاب دورہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف یہ سیریز ہمارے شیڈول کا اہم حصہ ہے، اور ریڈ بال و وائٹ بال دونوں فارمیٹس پر باہمی مشاورت مثبت انداز میں جاری ہے۔
ٹوڈ گرین برگ نے مزید کہا کہ ہم مستقبل میں مزید سیریز کے مواقع تلاش کریں گے اور پاکستان میں کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2022 میں آسٹریلیا نے طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا،
جو کہ ایک شاندار تجربہ رہا۔ پاکستانی عوام نے ٹیم کا بھرپور استقبال کیا، اور اگر ایسی مزید سیریز کا انعقاد ہو، تو یہ بہت خوش آئند ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم بگ بیش لیگ (BBL) میں زیادہ سے زیادہ پاکستانی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہنا چاہتے ہیں، کیونکہ وہ اپنی کرکٹ کمیونٹی میں بے حد مقبول ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ دنیا بھر کے بہترین کھلاڑی بی بی ایل کا حصہ بنیں۔
ٹوڈ گرین برگ کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے بڑے کھلاڑی لیگ میں شرکت کرتے ہیں تو وہ اس سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے، اور ان کی موجودگی سے نہ صرف لیگ بلکہ ان کی ٹیمیں اور فرنچائزز بھی مستفید ہوں گی۔
ان کے مطابق، اس حوالے سے بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ آئندہ بی بی ایل سیزن میں کچھ نمایاں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت ممکن ہوگی۔



