
دوسرا ٹیسٹ،مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ، بنگلادیشی ٹیم پہلی اننگز میں 64 رنز پر ڈھیر ہوگئی
میکے: آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم 64 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر تاریخی شکست دینے والی بنگلادیشی ٹیم دوسرے ہی میچ میں بری طرح بکھر گئی۔
مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ کے سامنے پوری ٹیم صرف 64 رنز پر آئوٹ ہوگئی، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ بنگلادیش کا سب سے زیادہ اسکور کرنے والا کھلاڑی 11ویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آیا۔
مکے کے گریٹ بیریئر ریف ارینا میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،کینگروز کے فاسٹ بولرز کے سامنے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ شروع ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔
بنگلادیشی بیٹرز آسٹریلوی پیس اٹیک کا مقابلہ نہ کرسکے اور پوری ٹیم صرف 64 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔مچل اسٹارک آسٹریلوی بولنگ کے ہیرو رہے، جنہوں نے صرف 10 اوورز میں 12 رنز دے کر 6 بنگلادیشی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پیٹ کمنز نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی جوز ہیزل ووڈ کے حصے میں آیا۔بنگلادیش کی جانب سے صرف شریف الاسلام کچھ مزاحمت دکھا سکے۔ گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شریف الاسلام 14 رنز بنا کر ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے،
جبکہ مہدی حسن میراز اور تیج الاسلام نے 11، 11 رنز بنائے۔بنگلادیشی اننگز کی خاص بات یہ رہی کہ ٹاپ آرڈر سمیت تقریباً پوری بیٹنگ لائن آسٹریلوی پیسرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور کوئی بھی بیٹر نمایاں مزاحمت نہ کرسکا۔
یہ شکست بنگلادیش کے لیے خاص طور پر حیران کن ہے کیونکہ اسی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے آسٹریلیا کو اس کی اپنی سرزمین پر تاریخی شکست دی تھی۔
ڈارون میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بنگلادیش نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے مات دے کر پہلی مرتبہ کینگروز کے خلاف ان کی ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کامیابی حاصل کی تھی۔
دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں تاہم آسٹریلیا نے زبردست واپسی کرتے ہوئے بنگلادیشی بیٹنگ کو مکمل طور پر بے اثر کردیا ہے۔
مچل اسٹارک کی چھ وکٹوں کی تباہ کن کارکردگی نے بنگلادیش کو صرف 64 رنز پر محدود کردیا، جس کے بعد آسٹریلیا نے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔
یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلوی بولرز نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ کے آغاز ہی سے بنگلہ دیش پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔



